وزیر اعظم شوکت عزیز کل کراچی پہنچیں گے،اہم اجلاسوں کی صدارت اور لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے کے ای ایس سی حکام سے تفصیلات معلوم کریں گے

جمعہ 13 اکتوبر 2006 21:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اکتوبر۔2006ء) وزیر اعظم شوکت عزیز ہفتے کو کراچی کے دورے پر پہنچ رہے ہیں۔ وہ اہم اجلاسوں کی صدارت کریں گے، حکومتی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کراچی پہنچ کر سب سے پہلے شہر میں بجلی کی فراہمی اور خاص کر لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے کے ای ایس سی کے حکام سے تفصیلات معلوم کریں گے۔ جبکہ وہ صوبے کے سب اہم ایشو کراچی کے دو جزیروں میں نئے شہر آباد کئے جانے کے بارے میں پائے جانے والے خدشات کا جائزہ لیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق دورے کے موقع پر وزیر اعظم شوکت عزیز کا متنازعہ جرائز کے مقام کا دورہ کرنے کا بھی امکان ہے، شہر میں موجودگی کے موقع پر وزیر اعظم صوبائی حکام سے امن و امان اور عید کے موقع پر شہر میں کئے جانے والے حفاظتی اقدامات پر بھی بریفنگ لیں گے جبکہ صوبے میں کی جانے والی غیر ملکی سرمایہ کاری، لیاری ایکسپریس وے، نادرن بائی پاس اور ماس ٹرانزٹ پروگرام کے بارے میں متعلقہ حکام تازہ ترین صورتحال سے وزیر اعظم کو آگاہ کریں گے۔