مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان شدید جھرپیں‘ ایک کیپٹن سمیت 3 بھارتی فوجی ہلاک‘ 5 زخمی۔بھارتی فوج نے دو مجاہدین کو شہید کردیا۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 28 دسمبر 2006 11:50

سرینگر (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین28دسمبر2006 ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور مجاہدین کے درمیان جھڑپیں‘ بارودی سرنگ کے دھماکے میں ب ھارتی فوج کے ایک کیپٹن سمیت تین اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے جبکہ بھارتی فوج نے لشکر طیبہ کے ایک سرکردہ کمانڈر سمیت دو مجاہدین کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے ‘ ادھر بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف شوپیاں اور پلوامہ میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ضلع بارہ مولہ کے علاقے خواجہ باغ میں بھارتی فوج کی ایک گاڑی کو مجاہدین نے بارودی سرنگ کے دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں ایک کیپٹن سمیت تین بھارتی فوجی ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے ہیں حزب المجاہدین نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

(جاری ہے)

ڈوڈہ کے علاقے میں بھارتی فوج نے لشکر طیبہ کے دو اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں لشکر طیبہ کا ایک سرکردہ کمانڈر بھی شامل ہے۔

کمانڈر کا نام اشرف گینائی بتایا جاتا ہے۔ ادھر پلوامہ میں ایک ٹیکسی ڈرائیور کی ہلاکت کے خلاف عوام سراپا احتجاج بن گئے اور زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی فوج کے جوان زبردستی مختار احمد نامی شخص کی ٹیکسی لے کر چلے گئے اس کے بعد شوپیاں کے علاقے میں مجاہدین اور فوج کے اہلکاروں کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں فوج کے ایک جوان سمیت ٹیکسی ڈرائیور مارا گیا۔

فوج کے ایک ترجمان کے مطابق فوجیوں نے ایک گاڑی کرائے پر لی تھی اور جب فوج کے جوان ایک آپریشن کو پورا کرکے لوٹ رہے تھے تو ان کی گاڑی پر شدت پسندوں نے گولیاں چلانا شروع کردیں ٹیکسی ڈرائیور کے قتل کے خلاف پلوامہ بازار مکمل طور پر بند رہا ادھر شوپیاں میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔