حکومت سی این جی کے فروغ کے حوالے سے پرائیویٹ سیکٹر کی مکمل حوصلہ افزائی کرے گی، پرویز الٰہی،صوبے میں ماحول صاف رکھنے کیلئے ایک مرحلہ وار پروگرام کے تحت تمام پبلک ٹرانسپورٹ کو سی این جی پر چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کی ایکسپوسنٹر میں سی این جی کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ نمائش کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 29 دسمبر 2006 22:07

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر۔2006ء) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہاہے کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے، صوبے میں ماحول صاف رکھنے کیلئے ایک مرحلہ وار پروگرام کے تحت تمام پبلک ٹرانسپورٹ کو سی این جی پر چلانے کا فیصلہ کیاگیاہے -وہ گذشتہ روز فورٹریس سٹیڈیم ایکسپوسنٹر میں سی این جی کے فروغ کے حوالے سے ایک نمائش کے معائنے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے - اس موقع پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ غلام محی الدین چشتی ‘ صوبائی وزیر ماحولیات ڈاکٹر انجم امجد‘ صوبائی وزیر سماجی بہبود ظل ہما ‘ صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود کے علاوہ دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے- وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ حکومت پینے کے صاف پانی کی فراہمی او ر ماحولیات کی بہتری کیلئے خطیر وسائل خرچ کررہی ہے - انہو ں نے کہاکہ بہتر ماحول ہی عوام کامعیار زندگی او رصحت کے تقاضے پورے کرسکتا ہے - انہو ں نے کہاکہ صوبے کے تمام شہروں میں وسیع پیمانے پر شجر کاری کی مہم چلائی گئی ہے جس کے نتیجے میں بے شمار نئے درخت لگائے گئے ہیں - انہو ں نے کہاکہ حکومت فورسٹروک رکشاؤں کی فراہمی کیلئے بلا سود قرضے کی سہولت فراہم کررہی ہے اور اس سلسلے میں ایک گرین فنڈ قائم کیاگیاہے -وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ حکومت سی این جی کے فروغ کے حوالے سے پرائیویٹ سیکٹر کی مکمل حوصلہ افزائی کرے گی - وزیراعلی نمائش کے سٹالز پر گئے اور سی این جی سے متعلقہ مصنوعات کی تعریف کی -