اسمبلیوں اورقانون کا احترام نہ کرنے والے اب وکلاء کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔ محمد علی درانی۔۔ ملک میں کوئی بحران نہیں، وزیراعظم شوکت عزیز کی غیر ملکی دورے سے واپسی شیڈول کے عین مطابق ہے، غیر فعال چیف جسٹس کے تمام رابطے بحال ہیں۔سپریم جوڈیشل کونسل نے میڈیا کو گائیڈ لائن دی اس پر عمل کرنا ہوگا، اپوزیشن جھوٹ کی سیاست کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس

بدھ 14 مارچ 2007 19:34

اسلام آباد (اردوپوئنٹ تازہ ترین اخبار14 مارچ2007 ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ غیر فعال چیف جسٹس کے تمام رابطے بحال ہیں، ملک میں کسی قسم کا کوئی بحران نہیں، اسمبلیوں اورقانون کا احترام نہ کرنے والے اب وکلاء کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے، وزیر اعظم شوکت عزیز کی غیر ملکی دورے سے واپسی شیڈول کے عین مطابق ہے۔ وہ بدھ کے روز یہاں پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کی طرف سے میڈیا کیلئے گائیڈ لائن دی گئی ہے جسے میڈیا کو بھجوا دیا گیاہے اس پر ہم نے بعض سوالات پر وزارت قانون و انصاف سے رائے طلب کی قانون ڈویژن نے یہ رائے دی ہے کہ کوئی وکیل یا کوئی شخص کونسل کی کارروائی پر تبصرہ نہیں کر سکتا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شوکت عزیز اپنے شیڈول کے مطابق غیر ملکی دورے سے وطن واپس آ رہے ہیں بعض ذرائع ابلاغ ”بحران“ کا لفظ استعمال کر رہے ہیں حقیقت یہ ہے کہ ملک میں کوئی بحران یا بحرانی صورتحال نہیں تمام معاملات آئینی و قانونی تقاضوں کے مطابق چل رہے ہیں اپوزیشن ڈس انفارمیشن کی سیاست کر رہی ہے۔

محمد علی درانی نے کہا کہ حکومتی معاملات احسن طریقے سے چل رہے ہیں کہیں بھی کسی قسم کی کوئی گڑ بڑ نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دو سینیٹرز اور بیرسٹر صاحبان سمیت کئی اشخاص غیر فعال چیف جسٹس سے بدھ کو ملاقاتیں کر چکے ہیں اعتزاز احسن ملاقات کیلئے گئے تھے لیکن انہیں انتظار کرنے کے بعد جب ملاقات کیلئے بھیجا گیا تو انہوں نے جانے سے انکار کر دیادراصل اعتزاز احسن ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں شرکت کیلئے وہاں سے چلے گئے تھے اعتزاز احسن کی اس وقت دو حیثیتیں ہیں وہ سیاستدان کی حیثیت بیانات دے رہے ہیں کاش وہ وکیل کی حیثیت سے بات کرتے۔

وفاقی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جب سپریم جوڈیشل کونسل کی ہدایت آ گئی تو ہم نے پی ٹی وی سے ڈسکشن کا جاری پروگرام روک دیا اس کے بعد بھی کسی ٹی وی پروگرام میں نہیں گیا۔ وزارت اطلاعات نے کونسل کی ہدایت پر سب کو آگاہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر فعال چیف جسٹس سے جو ملاقات کرنا چاہتے ہیں وہ ملاقاتیں کر رہے ہیں اگر وہ کسی سے ملاقاتیں نہ کرنا چاہیں تو پھر کیا کیا جا سکتا ہے۔

محمد علی درانی نے کہا کہ اپوزیشن والے جھوٹ کی سیاست کر رہے ہیں جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے غیر فعال چیف جسٹس کے تمام رابطے بحال ہیں یہ کیسے ہوسکتاہے کہ وکیل ان سے نہ ملیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ بدھ کے روز لاہور میں ہزاروں وکلاء کا کنونشن ہوا جس میں آئین و قانون کی بالادستی پر یقین کااظہارکیا گیا ہے۔ انہوں نے پھر کہا کہ اسمبلیوں اور اداروں کا احترام نہ ہونے والے اب وکلاء برادری کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ مذہبی سیاسی رہنماؤں سے میری گزارش ہے کہ نماز جمعہ کا احترام کیا جائے اور یہ نماز مساجد میں ادا کی جانی چاہیے اللہ تعالیٰ سے تعلق اورمذہبی رسوم کی ادائیگی کو سیاست کے میدان میں گھسیٹ کر نہیں لایاجانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی احتجاج کی موجودہ کال 26ویں ہے اسے بھی عوام گزشتہ 25 کالوں کی طرح یکسر مسترد کر دیں گے ہر چیز سیاست زدہ نہیں کرنی چاہیے اپنے مفاد کیلئے ہر چیز کواستعمال کرنا اپوزیشن کی عادت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں خود قانون سے ڈرتا ہوں دوسروں سے بھی یہی توقع رکھتا ہوں۔