غاصب حکومت خلاف تحریک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے ۔نواز شریف۔۔تحریک کو کامیاب بنانے کے لئے بچے بچے کو گھر سے نکلنا ہوگا ،ملک 1971 ء سے زیادہ سنگین صورتحال سے دوچار ہے ، پاکستان بچانے کے لئے عدلیہ اپنا کرداراداکرے،بلوچستان اور قبائلی علاقہ جات میں جاری کشیدگی موجودہ حکمرانوں کی نااہلی ہے،مسلم لیگ (ن) کے قائد کاٹیلی فونک خطاب

پیر 19 مارچ 2007 20:23

مردان( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19 مارچ 2007 ) سابق وزیرا عظم اور مسلم لیگ ( ن) کے سربراہ میاں محمد نوازشریف نے کہاہے کہ بلوچستان اور قبائلی علاقہ جات میں جاری کشیدگی موجودہ حکمرانوں کی نااہلی ہے، غاصب حکومت کے خلاف تحریک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے اوراب اس تحریک کو کامیاب بنانے کے لئے بچے بچے کو گھر سے نکلنا ہوگا ،ملک 1971 ء سے زیادہ سنگین صورتحال سے دوچار ہے ،پاکستان بچانے کے لئے عدلیہ اپنا کرداراداکرے ،وہ پارٹی کے مرکزی سنیئر نائب صدر سرانجام خان کی رہائش گاہ پر ضلع مردان کی سطح پر آل پارٹیز کانفرنس سے ٹیلی فونک خطاب کررہے تھے میاں نوازشریف نے کہاکہ مشرف نے پہلے آئین کو توڑا پھر پارلیمنٹ اور اس کے بعد عدلیہ پر وارکیا گیا جبکہ صحافت کا مقدس شعبہ بھی اس کے زیر عتاب رہا میاں نوازشریف نے کہاکہ پاکستان کی سالمیت کو خطرہ لاحق ہے اوراب ہر محب وطن پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ اس کے خلاف اٹھ کھڑ ے ہوں انہوں نے کہاکہ اس صورتحال میں عدلیہ کو بھی اپنا کردار اداکرنا ہوگا کیونکہ ہمارا سب کچھ وطن عزیز سے وابستہ ہے اوراگر خدانخواستہ یہ ملک نہ رہاتوپھر ہماری کوئی حیثیت نہیں رہے گی انہوں نے کہاکہ بلوچستان اور قبائلی علاقہ جات میں جاری کشیدگی موجودہ حکمرانوں کی نااہلی ہے، میاں نوازشریف نے کہاکہ وہ دوبارہ وزیراعظم بننے کے لئے مشرف کی مخالفت نہیں کرتے بلکہ ملک کو بچانے کے لئے وہ فکر مند ہیں انہوں نے کہاکہ مشرف ایک غاصب ہے اور ان کو سزاد ینی چاہئے اور اس سے ملک چھڑانے کے لئے بچے بچے کو قومی کردار اداکرنے کے لئے باہر نکلنا ہوگا اس موقع پر کانفرنس میں شریک لیڈروں اور کارکنوں نے میاں نوازشریف کے حق اورجنرل مشرف کی مخالفت میں نعرے لگائے۔