مسلم لیگ ق سندھ سے تعلق رکھنے والے وفاقی اور صوبائی وزراء، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ، سینیٹرز اور ضلعی ناظمین کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی پیٹریاٹ کے کارکنوں کی صدر مشرف سے ملاقات، مکمل حمایت کا اعلان ۔۔ صدر جنرل پرویز مشرف کی ملک کو اشد ضرورت ہے، وزیر اعلی سندھ

پیر 6 اگست 2007 15:34

کرچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 6 اگست 2007) صدر جنرل پرویز مشرف سے مسلم لیگ ق سندھ سے تعلق رکھنے والے وفاقی اور صوبائی وزراء، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ، سینیٹرز اور ضلعی ناظمین کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی پیٹریاٹ نے ملاقات کی۔ جس میں انہوں نے صدر جنرل پرویز مشرف کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایاہے۔ جبکہ وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کا کہنا ہے کہ صدر جنرل پرویز مشرف کی ملک کو اشد ضرورت ہے ، صدر کی باصلاحیت قیادت نے ملک کو جمہوری نظام اور حقیقی ترقی دی۔

اس لیے مسلم لیگ ق سندھ صدر کی مکمل حمایت کرتی ہے اور صدر کو موجودہ اسمبلیوں سے منتخب کرایاجائیگا۔مسلم لیگ ق اور پیپلز پارٹی پیٹریاٹ کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر آگے جانے سے کوئی نہیں روک سکتا، گزشتہ سات سالوں میں پاکستان نے مثالی ترقی کی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمیں انتہا پسندی اور دہشت گردی کا سامنا ہے جس کو روکنے کیلئے متحد ہوکر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔

صدر کا کہنا تھا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کو ایک آدمی نہیں روک سکتا اس کو روکنے کیلئے عوام کے تعاون کی ضرورت ہے۔صدر نے کہا کہ گزشتہ برس ملک میں چھ اعشاریہ سات ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جو انتہا پسندی اور دہشت گردی کی وجہ سے متاثر ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عوام کی مدد کی ضرورت ہے ۔ صدر نے کہا کہ میں جب بھی خانہ کعبہ اور روضہ رسول پر جاتا ہوں تو وہاں پاکستان کی سالمیت اور غریب عوام کی ترقی کیلئے دعا کرتا ہوں۔

اس سے قبل صدر جنرل پرویز مشرف سے وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ون ٹو ون ملاقات کی جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال ، حکومتی اتحادی جماعتوں کے ایشوز، امن وامان سمیت صوبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ ملاقات آدھے گھنٹے سے زائد جاری رہی۔جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے متعلق صدر کو آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں صدر جنرل پرویز مشرف نے ایک اجلاس کی بھی صدارت کی جس میں وفاقی وزیر جہانگیر خان ترین نے صدر کو صوبہ سندھ خصوصاً کراچی میں صنعتی ترقی کے حوالے سے بریفنگ دی۔صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا کہ بے روزگاری کے خاتمے کیلئے صنعتوں کی ترقی ضروری ہے ، کراچی ، پاکستان کاصنعتی حب ہے۔یہاں زیادہ سے زیادہ صنعتیں لگائی جائیں۔ صدر نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ وہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرے اور انہیں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کیاجائے۔