پیپلز پارٹی سے کوئی ڈیل کی گئی تو حکومت اور مسلم لیگ سے راستے جدا ہو جائیں گے، اعجاز الحق

بینظیر بھٹو نے نواز شریف کے ساتھ جو کچھ کیا صدر مشرف کو اس سے سبق سیکھنا چاہئے، بیرونی طاقتوں کی مدد سے اقتدار میں آنیوالی قوتوں کا راستہ بھرپور طاقت سے روکیں گے ۔لال مسجد آپریشن کے دوران آخری وقت تک انسانی جانیں بچانے کی کوشش کی، ضیاء الحق شہید نے ایٹمی اور میزائل پروگرام کو ترقی دے کر ملک کو مضبوط بنایا اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے اپنی جان تک قربان کر دی۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور کا سابق صدر ضیاء الحق مرحوم کی برسی کی تقریب سے خطاب و صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 17 اگست 2007 17:15

اسلام آباد (ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین17 اگست 2007) وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے نواز شریف کے ساتھ جو کچھ کیا صدر مشرف کو اس سے سبق سیکھنا چاہئے پیپلز پارٹی سے کوئی ڈیل کی گئی تو حکومت اور مسلم لیگ سے راستے جدا ہو جائیں گے۔ بیرونی طاقتوں کی مدد سے اقتدار میں آنے والی قوتوں کا راستہ بھرپور طاقت سے روکیں گے۔ پیپلز پارٹی چور دروازے سے اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتی ہے ہم ضیاء الحق شہید فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے پی پی کا ہر جگہ راستہ روکیں گے، لال مسجد آپریشن کے دوران آخری وقت تک انسانی جانیں بچانے کی کوشش کی، دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر بڑا اجتماع منعقد نہیں کیا گیا، ضیاء الحق نے ایٹمی اور میزائل پروگرام کو ترقی دے کر پاکستان کو مضبوط بنایا اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے ان تھک کوششیں کیں اور اسی مشن میں اپنی جان قربان کر دی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں سابق صدر جنرل ضیاء الحق کی 19ویں برسی کی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر جنرل ضیاء الحق کی 19ویں برسی ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ اس حوالے سے وفاقی دارالحکومت فیصل مسجد کے احاطے میں ایک تقریب ہوئی اور ان کی قبر پر قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

جس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اعجاز الحق اور ان کے بھائی ڈاکٹر انوار الحق سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی جبکہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز الحق نے کہا کہ ضیاء الحق شہید نے ایٹمی اور میزائل پروگرام کو ترقی دے کر پاکستان کو مضبوط بنایا اور امت مسلمہ کے اتحاد اور مضبوطی کیلئے انتھک کوششیں کیں اور اسی مشن میں اپنی جان تک قربان کر دی انہوں نے کہا کہ ضیاء الحق شہید نے روس کو شکست دیکر اپنی 1971ء کی شکست کا داغ دھو دیا تھا انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی چور دروازے سے اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتی ہے ہم ضیاء الحق شہید فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے پیپلز پارٹی کا ہر جگہ راستہ روکیں گے۔

لال مسجد آپریشن کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نے آخری وقت تک وہاں انسانی جانیں بچانے کی کوشش کی اب لال مسجد کو کھولنے کا فیصلہ وزارت داخلہ نے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس اور مساجد کا وزارت مذہبی امور سے کوئی تعلق نہیں۔ ڈاکٹر انوار الحق نے اس موقع پر کہا کہ ضیاء الحق شہید نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا اور اب بھی پاک بھارت مذاکرات میں مسئلہ کشمیر کو سرفہرست رکھا جائے۔

اعجاز الحق نے تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 کے نفاذ اور دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر برسی کا بڑا اجتماع منعقد نہیں کیا گیا۔ بینظیر بھٹو نے نواز شریف کے ساتھ جو کچھ کیا صدر مشرف کو اس سے سبق سیکھنا چاہئے انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کا ماضی اسی طرح ہے انہوں نے پہلے غلام اسحاق کے اور مسلح افواج کے دیگر سربراہان کے ساتھ جو کچھ کیا وہ سب کے سامنے ہے۔

اعجاز الحق نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی بھی دیل کی گئی تو انکے راستے مسلم لیگ اور حکومت سے جدا ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاء دائیں بازو کی جماعتوں سے اتحاد میں وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی طاقتوں کی مدد سے حکومت میں آنے والی قوتوں کا راستہ بھرپور طاقت سے روکا جائیگا۔