افغانستان میں امریکی فوج کے آپریشن میں 2 بچوں اور خاتون سمیت 18 افراد ہلاک، طالبان کے حملے میں 4 پولیس اہلکار مارے گئے ، امریکی فوج میں شامل نیوزی لینڈ کے وزیردفاع کا بھتیجا بھی لڑائی میں ہلاک ہوگیا

پیر 12 نومبر 2007 12:01

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12نومبر۔2007ء) افغانستان میں امریکی فوج کی کارروائی کے دوران دو بچوں اور ایک خاتون سمیت اٹھارہ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر کارروائیوں میں امریکی فوج میں شامل نیوزی لینڈ کے وزیر دفاع کے بھتیجے سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے ۔ امریکی فوج کے مطابق جنوبی افغانستان میں ہلمند کے علاقے گرمسیر میں امریکی فوج نے طالبان کے ایک ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق طالبان نے فائرنگ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم جوابی کارروائی میں پندرہ طالبان ہلاک ہوگئے ۔ لڑائی کے دوران تین شہری بھی جاں بحق ہوئے جن میں دو بچے اور ایک خاتون شامل ہے ۔ امریکی فوج نے شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔دوسری جانب نیوزی لینڈ کے وزیردفاع کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوج میں شامل ان کا بھتیجا بھی افغانستان میں لڑائی کے دوران مارا گیا ہے ۔ جبکہ وسطی افغانستان میں طالبان کے حملے میں چار پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ۔