Live Updates

مسلم لیگ(ن) کے قائدین کی طرف سے الیکشن میں حصہ لینے کے گرین سگنل، عمران خان ، قاضی حسین احمد ، محموداچکزئی اور میرحاصل بزنجو نے بائیکاٹ کا فیصلہ برقراررکھنے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی۔ہمیں بھی میڈیا کے ذریعے مسلم لیگ(ن) کی طرف سے الیکشن میں حصہ لینے کی اطلاعات ملی ہیں ۔ اے پی ڈی ایم کے اجلاس میں متفقہ موقف اپنائیں گے

ہفتہ 8 دسمبر 2007 18:10

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 08 دسمبر2007 ) مسلم لیگ(ن) کی مرکزی قیادت کی طرف سے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے امیدواروں کو گرین سگنل دینے کے بعد اے پی ڈی ایم میں شامل اہم اتحادی جماعتوں جماعت اسلامی کے امیر قاضی حسین احمد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان  پختون خواہ ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی  بلوچستان نیشنل پارٹی حئی گروپ کے رہنما میر حاصل خان بزنجو نے اے پی ڈی ایم سے علیحدہ ہونے کی دھمکی دیدی ہے اور مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نوازشریف پر واضح کیا ہے کہ انتخابات کے بائیکاٹ کے فیصلے پر قائم رہا جائے اور بے نظیر بھٹو سے مزید رابطے نہ کیے جائیں۔

ذرائع کے مطابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد عمران خان  محمود خان اچکزئی اور میرحاصل بزنجو کے درمیان ٹیلی فون پر رابطے ہوئے اور مسلم لیگ(ن) کے بعض رہنماؤں کی طرف سے انتخابات میں حصہ لینے کی اخباری اطلاعات پر تبادلہ خیالات کیا گیا اور اس رائے کا اظہار کیا گیا کہ اے پی ڈی ایم کے فیصلے کے مطابق انتخابات میں حصہ نہ لینے کے فیصلے پر برقرار رہا جائے کیونکہ اگر اس وقت انتخابات میں حصہ لیا گیا تو تین نومبر کو صدر پرویز مشرف کے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات کو تسلیم کرنے کے مترادف ہو گا اور عدلیہ کی آزادی کی جنگ بھی متاثر ہو گی ان رہنماؤں نے چارٹر آف ڈیمانڈ کیلئے بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ اور بے نظیر بھٹو کے دبئی جانے کے معاملے پر بھی بات چیت کی اور کہاکہ بے نظیر بھٹو جان بوجھ کر اس وقت دبئی گئی ہیں تاکہ چارٹر آف ڈیمانڈ کے معاملے پر کوئی متفقہ فیصلہ نہ ہوسکے ان رہنماؤں نے طے کیا ہے کہ اتوار کو لاہور میں اے پی ڈی ایم کے اجلاس میں سخت موقف اختیار کیا جائے گا اور انتخابات کے بائیکاٹ کے فیصلے کو برقرار رکھنے کے حق میں رائے دی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں جب بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما میر حاصل خان بزنجو سے ٹیلی فون پررابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی تمام قوم پرست جماعتوں نے انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے اور ہم نے تو کاغذات نامزدگی بھی جمع نہیں کرائے ۔انہوں نے کہاکہ انہیں بھی میڈیا کے ذریعے یہ اطلاعات ملی ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اپنے امیدواروں کو انتخابات کی تیاریاں تیز کرنے کی ہدایات دی ہیں اتوار کو لاہور میں اے پی ڈی ایم کے اجلاس میں ہم اپنا موقف اپنائیں گے اور کوشش کرینگے کہ بائیکاٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا جاسکے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات