بھارتی وزیر صحت کی شاہ رخ خان اور امتیابھ بچن سے سگریٹ نوشی پر مبنی سین فلم بند نہ کرانے کی اپیل

اتوار 27 جنوری 2008 18:23

نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین27 جنوری2008 ) بھارت کے وزیر صحت انبومانی رام داس نے بالی ووڈ کے معروف اداکاروں شاہ رخ خان اور امتیابھ بچن پر زور دیا ہے کہ وہ فلموں کے دوران سگریٹ نوشی پر مبنی سین فلم بند کرانے سے گریز کریں کیونکہ اس سے نوجوان سگریٹ نوشی کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت کے ذرائع ابلاغ کے مطابق اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ امتیابھ بچن اور شاہ رخ خان سمیت تمام بڑے اداکاروں کو شوٹنگ کے دوران سگریٹ نوشی پر مبنی سین فلم بند کرانے سے گریز کرنا چاہئے کیونکہ ہمارے پاس اس طرح کے اعدادوشمار موجود ہیں جس کے مطابق 52 فیصد نوجوانوں نے ان اداکاروں کو فلموں میں دیکھ کر پہلی مرتبہ سگریٹ نوشی کی۔

انہوں نے کہا کہ اداکاروں کو ایسے سین فلم بند کرانے سے گریز کرنا چاہئے۔ بھارتی وزیر صحت نے کہا کہ انہوں نے ماضی میں بھی شاہ رخ سے اس طرح کی اپیل کی تھی اور اب وہ امیتابھ اور دیگر اداکاروں سے یہ مطالبہ کر رہے ہیں۔