مسلم لیگ (ق)، (ف) اور نیشنل پیپلز پارٹی نے متفقہ طو رپر ارباب رحیم کو سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر جبکہ جام مدد علی کو ڈپٹی اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا

منگل 8 اپریل 2008 21:11

کراچی(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اپریل۔2008ء) مسلم لیگ (ق)، مسلم لیگ (ف) اور نیشنل پیپلز پارٹی نے متفقہ طو رپر سابق وزیر اعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کو سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر جبکہ مسلم لیگ (ف) کے جام مدد علی کو ڈپٹی اپوزیشن لیڈر نامزد کیا ہے۔ اس بات کا اعلان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے منگل کو ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مسلم لیگ (ف) کے سربراہ پیر پگارا کی خواہش پر ارباب رحیم کو اپوزیشن لیڈر اور جام مددعلی کو ڈپٹی اپوزیشن لیڈر نامزد کیا گیا ہے جبکہ نیشنل پیپلز پارٹی کے سربراہ غلام مصطفی جتوئی نے بھی اس فیصلے کو تسلیم کیا ہے۔ اس موقع پر ارباب غلام رحیم نے کہا کہ اس ضمن میں ایم کیو ایم سے معاملات ابھی باقی ہیں تاہم ان تینوں جماعتوں نے مجھے بطور اپوزیشن لیڈر نامزد کیا ہے جس پر میں ان کا مشکور ہوں۔