لائن آف کنٹرول پر کپواڑہ سیکٹر میں پاکستانی اور بھارتی افواج کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ بند۔دونوں جانب سے کسی جانی نقصان کی تصدیق نہ ہو سکی۔پاکستانی فوجیوں نے بھارتی فوجیوں کو ہتھیاڑ چھوڑ کر پاکستانی حدود سے بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ترجمان پاک فوج۔اپ ڈیٹ

منگل 29 جولائی 2008 19:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29جولائی۔2008ء) لائن آف کنٹرول کے کپواڑہ سیکٹر پر پاکستانی اور بھارتی افواج کے مابین فائرنگ کا سلسلہ بند ہوگیا ہے تاہم فائرنگ کے اس تبادلے میں دونوں جانب سے کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل اطہر عباس نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ فائرنگ کا یہ سلسلہ اس وقت شروع ہو ا جب بھارتی فوجیوں نے لائن آف کنٹرول عبور کرکے پاکستانی حدود میں فوجی چوکی قائم کرنے کی کوشش کی جس پر پاکستانی فوجیوں نے مداخلت کی تو بھارتی فوجیوں کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا جس پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی فوجیوں نے بھارتی فوجیوں کو ہتھیار چھوڑ کر پاکستانی حدود سے بھاگنے پر مجبور کردیا ۔

(جاری ہے)

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے دونوں جانب کے لوکل کمانڈر کی فلیگ میٹنگ ہوئی جس میں پاکستان کی جانب سے اپنا نکتہ نظر واضح کیاگیااور زوردیا گیا کہ آئندہ ایسے واقعات سے گریز کیا جائے ۔ میجرجنرل اطہر عباس کا کہنا تھا کہ بھارتی کمانڈر پر واضح کیا گیا کہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی بھارتی فوج کی جانب سے ہوئی ۔ اس حوالے سے ثبوت بھی پیش کئے گئے ہیں ۔ پاکستانی فوج پر اس حوالے سے لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں۔ مستقبل میں ایسے مزید واقعات ہوئے تو اس سے اعتماد سازی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات متاثر ہوسکتے ہیں۔