مالاکنڈڈویژن میں شریعت کے نفاذکا اعلان ہماری قربانیوں کانتیجہ اوربہت بڑی کامیابی ہے ،مولانا فضل اللہ ،ہم نے ان لوگوں کے خلاف جہادکیاجنہوں نے 600مجاہدین کو پکڑ کرامریکہ کے حوالے کیا ،پاکستان کے شہدا ء کیساتھ سیاستدانوں نے غداری کی،سوات میں کوئی غیرملکی نہیں اپنے لوگوں کو مارا جارہاہے ،پاکستان جن بنیادوں پر آزاد ہواتھااسے اسی بنیادوں پر رہناچاہیے ،ایف ایم ریڈیوپرخطاب

ہفتہ 21 فروری 2009 22:44

سوات (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21فروری۔2009ء) کالعدم تحریک طالبان سوات کے امیرمولانا فضل نے مالاکنڈڈویژن میں شریعت کے نفاذکا اعلان کوبڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ ہم نے ان لوگوں کے خلاف جہادکیاجنہوں نے 600مجاہدین کو پکڑ کرامریکہ کے حوالے کیا،سوات میں کوئی غیرملکی نہیں اپنے لوگوں کو مارا جارہاہے ،پاکستان جن بنیادوں پر آزاد ہواتھااسے اسی بنیادوں پر رہناچاہیے ،پاکستان کے شہدا ء کے ساتھ سیاستدانوں نے غداری کی ۔

ہفتے کے روزایف ایم ریڈیوپرخطاب کرتے ہوئے مولانافضل اللہ نے کہاکہ ہم پر فوج مسلط کی گئی تھی اورہم نے اپنادفاع کیا۔انہوں نے کہاکہ مالاکنڈڈویژن میں شریعت کے نفاذ کااعلان ہماری قربانیوں کانتیجہ ہے ،شریعت تمام نظاموں سے اعلیٰ نظام ہے ہم اللہ کے قانون کو مانتے ہیں اوراس کے سواء کسی کے قانون کے نہیں مانتے ،ہم ایسی شریعت چاہتے ہیں جو صدر اوروزیراعظم پرحاوی ہو۔

(جاری ہے)

صدارتی ترجمان کے بقول آئین کے آرٹیکل 6اور7کے تحت نظام عدل ہمارا حق ہے۔انہوں نے کہاکہ مولاناصوفی محمد اسلامی قانون نافذ کرنے میں مخلص ہیں اس لئے ہم نے ان کاساتھ دیا۔انہوں نے کہاکہ ہم پر الزام تھاکہ ہم غیروں کے اشاروں پرناچتے ہیں مگر حکومت نے ہمارے ساتھ معاہدہ کرکے یہ الزام بے بنیاد ثابت کردیا۔مولانا فضل اللہ نے کہاکہ افغان جنگ جاری ہے جہاں امریکہ کے خلاف جہاد کیاجارہاہے اوریہ جہاد امریکہ کی شکست تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ اللہ کی مہربانی ہے کہ ہم نے کسی کے سامنے اپنا سرنہیں جھکایااورہمیں نیچادکھانے کیلئے یہود ونصاری کے ساتھ تعاون کرنے والوں کو سزا ملی ۔