کے ای ایس سی کی نجکاری کے حمایتی آج خاموش ہیں ، ہم عوام کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں، شازیہ مری ،ارکان صوبائی اسمبلی کے ڈیلی الاؤنسسز میں معمولی اضافہ کیا جارہا ہے جو مہنگائی کے حساب سے ضروری تھا‘ وزیر قانون ایاز سومرو

جمعرات 16 اپریل 2009 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اپریل ۔2009ء) سندھ کی وزیر اطلاعات شازیہ عطاء مری نے کہا ہے کہ کے ای ایس سی کی نجکاری کا معاہدہ سابقہ حکومت میں کیا گیا تھا اور اس وقت ہم نے اس کی بھرپور مخالفت بھی کی تھی تاہم آج اس کے حمایتی خاموش ہیں لیکن ہم عوام کے اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ گذشتہ اسمبلی کی روایت کے برعکس موجودہ اسمبلی اپنی جمہوری روایت کو برقرار رکھے ہوئے ہے اور ہر رکن اسمبلی کو بولنے کا مکمل موقع فراہم کیا جارہا ہے۔

وزیرا علیٰ سندھ پیر کے روز سندھ اسمبلی کے ایوان میں گذشتہ ایک سال کی سندھ حکومت کی کارکردگی پیش کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر قانون ایاز سومرو بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ شازیہ مری نے کہا کہ جمعرات کو اسمبلی کے نئے سال کے پہلے دن ایجنڈے کے مطابق تمام کاروبار اسمبلی میں ہوا ہے جبکہ اسمبلی میں گذشتہ سال بھی 12 بل منظور کرائے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس اسمبلی نے جمہوری روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پوائنٹس آف آرڈر کے ذریعے عوامی مسائل پر تمام اراکین کو بولنے کا مکمل حق فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بل کی کاپیاں تک اپوزیشن کو فراہم نہیں کی جاتی تھی اور بل پاس کرالئے جاتے تھے تاہم ہم نے اس روایت کا خاتمہ کرکے بل کے تعارف کے ساتھ ہی تمام اراکین کو اس کی کاپیاں فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے تاکہ وہ اس میں ترمیم کرسکیں۔

اماسمبلی کے قوانین میں ترمیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بنائی جانے والی کمیٹی نے اپنی رپورٹ مرتب کرلی ہے اور جلد ہی اس کو ایوان میں لاکر قوانین کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ کے ای ایس سی کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس کی نجکاری پر ہم نے سب سے زیادہ مخالفت کی تھی اور اس پر مظاہرے بھی کئے تھے تاہم اس وقت کی حکومت نے معاہدہ کیا اور آج وہی لوگ خاموش ہیں لیکن ہم اس پر خاموش نہیں ہیں۔

وزیرا علیٰ سندھ نے کے ای ایس سی کی انتظامیہ کو بارہا تنبیہ بھی کی ہے اور کے ای ایس سی کی موجودہ انتظامیہ ابراج کیپٹل نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جلد اس بحران پر قابو پالے گی۔ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے بھی کراچی میں بجلی کے بحران کا نوٹس لیا ہے اور یہ معاملہ وفاق کی سطح پر بھی حل کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون ایاز سومرو نے کہا کہ موجودہ اسمبلی سندھ میں قانون سازی کے حوالے سے اقدامات کررہی ہے۔

آج اس سال کے پہلے روز 7 سرکاری بل متعارف کرائے گئے ہیں جبکہ گذشتہ سال 12 بل متفقہ طور پر منظور کرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے بل میں راکین سندھ اسمبلی کی تنخواہوں اور ان کے اسمبلی اجلاس کے دوران ڈبل ممبر ملنے والے 550 روپے کی رقم کو بڑھانے کے حوالے سے بل لایا گیا ہے تاہم ہم حکومت سندھ کے خزانے کو دیکھتے ہوئے اس میں اضافہ کریں گے اور یہ اضافہ ہونے کے بعد بھی پنجاب سے کم ہوگا۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں سستی روٹی کے لئے پلانٹ لگارہی ہے اور اس سلسلے میں وزیرا علیٰ کی ایک مشیر کو ٹاسک دیا گیا ہے۔ وزیرا علیٰ سندھ کے سیکریٹری کے خلاف رکن سندھ اسمبلی کی شکایت پر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہی اصل جمہوریت ہے کہ ہمارے ایک رکن اسمبلی نے اس پر اسمبلی میں تحریک استحقاق پیش کی ہے اور اس حوالے سے کمیٹی بنالی گئی ہے اور حقائق اور شواہد کے ہوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سندھ حکومت اپنے ریونیو بڑھانے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ سندھ حکومت کے انفرااسٹرکچر کے لئے 13 ارب روپے مختلف کوڑتوں میں پڑے ہوئے ہیں اس پر بھی ہم کیس لڑرہے ہیں جبکہ وفاقی حکومت نے اس سال این ایف سی ایوارڈ میں سندھ کو حصہ ملنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔