وزیراعظم کا نوازشریف کوٹیلیفون، پاک امریکہ ڈائیلاگ، پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات پر اعتماد میں لیا، بھارت کیساتھ تمام تصفیہ طلب معاملات کو بامعنی مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے، قائد مسلم لیگ ن، ڈگریوں کے معاملے میں کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائیگا، فاروق لغاری کی فوری رہائی کا حکم دیدیا ہے، گیلانی

پیر 19 جولائی 2010 20:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 19 ۔جولائی ۔2010ء) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ،پاک امریکہ ڈائیلاگ، پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات پر اعتماد میں لیا،اراکین پارلیمنٹ کی ڈگریوں کے معاملے پرکسی کو انتقام کا نشانہ نہ بنانے کی یقین دہانی کرائی، دیامیربھاشا ڈیم کی منظوری پر دونوں رہنماؤں کا اظہار اطمینان۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے انہیں پاک امریکہ ڈائیلاگ پر اعتماد میں لیا اور امریکی حکومت کی طرف سے پاکستان کے اندر مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے فراہم کی جانے والی امداد سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدے اور پاکستانی برآمدات کو وسط ایشیائی ممالک تک راہداری فراہم کرنے سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات کونسل کی طرف سے دیامیربھاشاڈیم کی تعمیرکی متفقہ منظوری دیئے جانے پر اعتمادکا اظہار کیا اور اس منصوبے کو جلد مکمل کرنے کے حوالے سے جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے نواز شریف کو حالیہ پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کے حوالے سے بھی اعتماد میں لیا۔ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب معاملات کو بامعنی مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے میاں نوازشریف کویقین دلایاکہ ڈگریوں کی تصدیق کے معاملے میں کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا اور چیئرمین ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے بھائی کی فوری رہائی کیلئے وزیرداخلہ سندھ کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ میری وزیراعلیٰ سندھ سے بھی بات ہوئی ہے اورانہیں کہا ہے کہ فاروق لغاری کے خلاف کسی قسم کی انتقامی کارروائی سے گریز کیا جائے۔

وزیراعظم سیدیوسف رضا گیلانی نے بیگم کلثوم نواز کی صحت سے متعلق بھی دریافت کیا اور ان کی جلدصحتیابی کیلئے دعا کی۔مسلم لیگ ن نے کے قائد میاں نواز شریف نے قومی معاملات پر وزیراعظم کی سیاسی قیادت کو مشاورت میں لینے اورمفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے کی سوچ کو سراہا۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن جمہوری قدروں کی مضبوطی کیلئے حکومت کی حمایت کرتی رہے گی۔