وزیراعظم اپنے 29ارب کے صوابدیدی فنڈز میں سے کچھ ارب سیلاب متاثرین پر خرچ کریں ،نوازشریف،بار بار ہاتھ پھیلانا قومی غیرت کے منافی ہے،کراچی میں صلح کی کوششیں ہونی چاہئیں ، جن ملزموں نے شہر کو عذاب میں مبتلا کررکھاہے انہیں کیفر کردار تک پہنچنا چاہیے ،عوام کی توقعات پوری نہ کرنے پر رضاکارانہ استعفے دینے کی روایت ہونی چاہیے، میرے دورمیں یہ حالات ہوتے تو میں کب کا استعفیٰ دے چکا ہوتا، ممتاز بھٹو سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت

پیر 19 ستمبر 2011 18:23

مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم اپنے 29ارب کے صوابدیدی فنڈز میں سے کچھ ارب سیلاب متاثرین پر خرچ کریں ،بار بار ہاتھ پھیلانا قومی غیرت کے منافی ہے،کراچی میں صلح کی کوششیں ہونی چاہئیں مگر جن ملزموں نے شہر کو عذاب میں مبتلا کررکھاہے انہیں کیفر کردار تک پہنچنا چاہیے اور ملی بھگت نہیں ہونی چاہیے ،عوام کی توقعات پوری نہ کرنے پر رضاکارانہ استعفے دینے کی روایت ہونی چاہیے اگر یہ حالات ہوتے تو میں کب کا استعفی دے چکا ہوتا۔

(جاری ہے)

پیر کو یہاں نیشنل فرنٹ کے سربراہ ممتاز بھٹو سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے وسائل پر انحصار کرناچاہیے میری مخلصانہ تجویز ہے کہ وزیراعظم اپنے صوابدیدی فنڈ میں سے سیلاب کے متاثرین پرخرچ کریں جس میں29 ارب روپے موجود ہیں انہوں نے کہاکہ کراچی میں صلح کی کوششیں ہورہی ہیں قومی کردار ادا کرنے کیلئے اتفاق رائے ہوناچاہیے لیکن جنہوں نے کراچی کو عذاب میں مبتلا کررکھا ہے اور جن کی نشاندہی سپریم کورٹ کررہی ہے انہیں کیفر کردار تک پہنچنا چاہیے ہم چاہتے ہیں کہ کراچی دوبارہ روشنیوں کا شہر بنے اگر یہ پھلتا پھولتا رہتاتو آج دنیا کا بہترین شہر ہوتا