بھارت میں خواتین سے ہونے والے مظالم کا پردہ چاک،مدھیہ پردیش کی عدالت نے ذہنی مریض شوہر کے شک کی بنیاد پر اپنی بیوی کی جائے مخصوصہ کو آہنی بیلٹ کے ذریعے تالا لگانے ‘ 4سال تک شدید ذہنی و جسمانی تشدد کا نشانہ بنا کرگھر میں قید رکھنے پر 10سال قید بامشقت کی سزا سنا دی

ہفتہ 18 مئی 2013 20:20

اندور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔18مئی۔ 2013ء) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کی ایک عدالت نے ذہنی مریض شوہر کی طرف سے شک کی بنیاد پر اپنی بیوی کے جائے مخصوصہ کو آہنی بیلٹ کے ذریعے تالا لگانے اور 4سال تک اسے شدید ذہنی و جسمانی تشدد کا نشانہ بنا کرگھر میں قید رکھنے پر 10سال قید بامشقت کی سزا سنا دی ، اس انوکھے اور لرزہ خیز واقعہ سے بھارت میں خواتین پر ہونیوالے مظالم کا ایک بار پھر پردہ چاک کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے رہائشی مکینک سوہا لال چوہان جو کہ اپنی بیوی سیما پر ہر وقت شک کرتا تھا ۔ 5سال قبل اس نے اسی شک کی بناء پر اپنی بیوی کے جائے مخصوصہ کا خود ہی آپریشن کرکے اسے آہنی بیلٹ لگا کر اسیتالا لگا دیا ۔ ممتاز بھارتی اخبار ”ٹائمز آف انڈیا“ کی رپورٹ کے مطابق جنونی شوہر کی طرف سے اپنی بیوی پر کیاجانے والا یہ تشدد اور ظلم 5سال بعد اس وقت منظر عام پر آیا جب اس شخص نے اپنی بڑی بیٹی پر مجرمانہ حملے کی کوشش کی جس پر اس کی بیوی نے زہریلی گولیاں کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق سوہا لال چوہان کی شادی اپنی بیوی سیما سے اس وقت ہوئی جب وہ صرف 16سال کی تھی ۔ ملزم ذہنی مریض ہونے کیوجہ سے شادی کے بعد سے مسلسل اپنی بیوی کو شک کی نگاہ سے دیکھتا رہا اس دوران ان کے متعدد بچے ہوئے ۔ رپورٹ کے مطابق ملزم جو کہ ایک مکینک ہے اس نے 5سال قبل اپنی بیوی کے جائے مخصوصہ کا آپریشن کرکے اس کے باہر تالا لگا دیا تاہم بیوی نے اس ظلم کو 5سال چھپائے رکھا ۔

اس لرزہ خیز ظلم کا انکشاف گزشتہ سال 2جولائی مین اس وقت ہوا تھا جب سوہا لال چوہان نے اپنی بڑی بیٹی پر مجرمانہ حملے کی کوشش کی اس پر دل برداشتہ ماں نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کی کوشش کی اور جب اسے ہسپتال پہنچایا گیا تو طبی معائنہ کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ اس کے جائے مخصوصہ پر آپریشن کرکے اسے تالا لگایاگیا ہے ۔ اس انکشاف کے بعد ملزم کو گرفتار کرکے پولیس نے مقدمہ ضلعی عدالت میں پیش کیا ۔ ایڈیشنل سیشن جج نے اسے گزشتہ روز10سال قید بامشقت کی سزا سناء دی ۔ ملزم کے خلاف عدالت میں اس کے بیٹے اور بیٹی نے بھی گواہی دی ۔ بیٹے نے عدالت کو بتایا کہ اس کے باپ نے اسے چار سال تک اپنی ماں سے ملنے نہیں دیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :