Live Updates

طالبان سے مذاکرات کے دور ان دہشتگردی میں کمی دیکھی گئی ، مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ بحال کیا جائے ، عمران خان ،پنجاب میں کون سی دودھ کی نہریں بہائی گئیں کہ مسلم لیگ (ن) کا ووٹ بینک 2008 کے مقابلے میں 2013 میں دو گنا ہوگیا، الیکشن میں بدترین دھاندلی ہوئی ہے، حکومت صرف 4 حلقے کھولنے سے گھبرا رہی ہے ،سارا پیسہ پنجاب میں لگایا جارہا ہے ، بلوچستان، فاٹا اور خیبرپختونخوا میں احساس محرومی میں اضافہ ہورہا ہے ، پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 27 مئی 2014 23:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مئی۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کے دور ان دہشتگردی میں کمی دیکھی گئی ، مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ بحال کیا جائے ،پنجاب میں کون سی دودھ کی نہریں بہائی گئیں کہ مسلم لیگ (ن) کا ووٹ بینک 2008 کے مقابلے میں 2013 میں دو گنا ہوگیا، الیکشن میں بدترین دھاندلی ہوئی ہے ، حکومت صرف 4 حلقے کھولنے سے گھبرا رہی ہے ،سارا پیسہ پنجاب میں لگایا جارہا ہے ، بلوچستان، فاٹا اور خیبرپختونخوا میں احساس محرومی میں اضافہ ہورہا ہے۔

منگل کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ عمران خان نے کہا کہ مذاکرات کے بعد ملک میں دہشت گردی کم ہوئی تھی، اسی لیے وہ جنرل راحیل سے اپیل کرتے ہیں کہ ملک بچائیں اور مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ ہم شمالی وزیرستان میں امریکا کی جنگ لڑ رہے ہیں، شہریوں کی ہلاکتوں سے شمالی وزیرستان کے عوام پاکستان سے متنفر ہورہے ہیں، وہاں سے آئی ڈی پی پاکستان کم آرہے ہیں اور افغانستان زیادہ جارہے ہیں اور ایسا لگ رہا ہے کہ شمالی وزیرستان کو پاکستان سے علیحدہ کیا جارہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ایسا تاثر دیا جارہا ہے کہ جیسے پنجاب ہی پورا پاکستان ہے، کراچی کا سرکلر ریلوے منصوبہ بند جبکہ لاہور کے لیے معاہدہ کرلیا گیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں بمباری سے معصوم شہری بھی مارے جارہے ہیں جبکہ شمالی وزیرستان سے پیغامات آرہے ہیں کہ اسے پاکستان سے الگ کرنے کے لئے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے پاکستان کے بجائے افغانستان جانے کو ترجیح رہے ہیں جبکہ ماضی میں انہی لوگوں نے کشمیر کی آزادی کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے لیکن ا?ج وہ الگ ملک کا مطالبہ کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

چیئر مین تحریک انصاف نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ 2013 کے انتخابات میں ہوا، پنجاب میں کون سی دودھ کی نہریں بہائی گئیں کہ مسلم لیگ (ن) کا ووٹ بینک 2008 کے مقابلے میں 2013 میں دو گنا ہوگیا، الیکشن میں بدترین دھاندلی ہوئی جس کا ثبوت ہے کہ حکومت صرف 4 حلقے کھولنے سے گھبرا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سرکلر ریلوے منصوبے پر عمل ہونے جارہا تھا تاہم حکومت نے کراچی سرکلر ریلوے کے بجائے چائنا سے 1.6 ارب ڈالر کی لاگت سے لاہور سرکلر ریلوے منصوبے کا معاہدہ کرلیا حکومت کے اس قسم کے اقدامات سے تاثر ملتا ہے کہ جیسے پنجاب ہی سارا پاکستان ہے جبکہ بلوچستان، فاٹا اور خیبرپختونخوا میں احساس محرومی میں اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مشرقی پاکستان والی باتیں ہورہی ہیں ، وزیرستان میں اربوں روپے کے تانبے کے ذخائر ہیں ۔عمران خا ن نے کہاکہ وزیراعظم ملک کے ہیں صرف پنجاب کے نہیں ، وزیراعظم کے پاس ملک کیلئے وقت نہیں 10ماہ میں ریکارڈ 14غیر ملکی دورے کردیئے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات