اسرائیل تمام فلسطینی قیدیوں کو فوری رہایاعدالت میں پیش کرے،اقوام متحدہ، اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی بھوک ہڑتالیوں کے معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں،بان کی مون کا بیان

اتوار 8 جون 2014 12:50

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8جون۔2014ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انتظامی حراست میں رکھے گئے تمام فلسطینیوں کو رہا کرے یا انہیں عدالت میں پیش کر کے انہیں اپنے بارے میں صفائی پیش کرنے کا موقع فراہم کرے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اپنے ایک بیان میں بان کی مون نے اسرائیلی جیلوں میں ڈیڑھ سو کے قریب بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں کے بارے میں گہری تشویش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بغیر کسی الزام کے شہریوں کو حراست میں رکھنا اور انہیں عدالت میں پیشی سے گریز کرنا عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ عالمی ادارے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی بھوک ہڑتالیوں کے معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ خیال رہے کہ اسرائیلی جیلوں میں ڈیڑھ سے دو سو کے قریب فلسطینیوں نے ڈیڑھ ماہ سے بھوک ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔ بھوک ہڑتال کرنے والے تمام اسیران انتظامی حراست میں رکھے گئے ہیں جن پر اسرائیل مخالف کسی سرگرمی کا کوئی الزام بھی عائد نہیں کیا گیا ہے-