اغوا شدہ تین اسرائیلی لڑکوں کی لاشیں برآمد

منگل 1 جولائی 2014 20:31

اغوا شدہ تین اسرائیلی لڑکوں کی لاشیں برآمد

الخلیل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1جولائی۔2014ء) مغربی کنارے کے شہر الخلیل کے نواح میں ڈھائی ہفتے قبل لاپتا ہونے والے تین اسرائِیلی آبادکار لڑکوں کی لاشیں مل گئی ہیں۔اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس پر ان تینوں کو اغوا کے بعد قتل کرنے کا الزام عاید کیا ہے۔اسرائیلی فوج نے ٹویٹر پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ عیال یفراح ،گیلاد شاعر اور نفتالی فرینکل کی تلاش کے دوران فوج کو الخلیل کے نزدیک تین لاشیں ملی ہیں۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوا کہ ان تینوں کی موت کیسے واقع ہوئی تھی۔تاہم ایک بے نامی اسرائیلی عہدے دار کا کہنا ہے کہ انھیں گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔یہ تینوں اسرائیلی لڑکے 12 جون کو الخلیل کے نواح میں اچانک لاپتا ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے ان کی بازیابی کے لیے غرب اردن کے شہروں اور قصبوں میں بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے اور سیکڑوں مرد و خواتین کو ان کے اغوا کے شُبے میں گرفتار کرلیا ہے۔

اسرائیل کے پبلک ریڈیو نے اطلاع دی ہے کہ ان تینوں کی لاشیں الخلیل سے دس منٹ کی مسافت پر واقع قصبے ہلہول کے نزدیک ایک میدان سے ملی ہیں۔یہ تینوں آخری مرتبہ اسی علاقے میں دیکھے گئے تھے۔گیلاد شاعر اور امریکی اسرائیلی شہری نفتالی فرینکل کی عمریں سولہ، سولہ سال تھیں اور عیال یفراح کی عمر انیس سال تھی۔

اسرائیل کا حماس پر الزام
اسرائیلی حکومت نے حماس پر ان تینوں کو اغوا کرنے کا الزام عاید کیا تھا لیکن اس دعوے کے حق میں کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا تھا۔

حماس نے ان کے اغوا میں ملوث ہونے کی تصدیق یا تردید نہیں کی تھی۔اب ایک مرتبہ پھر انتہا پسند اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے حماس کو ان تینوں کو اغوا کے بعد قتل کرنے کا ذمے دار ٹھہرایا ہے اور دھمکی دی ہے کہ حماس کو اس کی قیمت چکانا پڑے گی۔اسرائیل کے نائب وزیردفاع ڈینی ڈانون نے قبل ازیں ایک بیان میں کہا کہ ''ہم حماس کو مکمل طور پر شکست سے دوچار کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

قاتلوں کے مکانات مسمار کیے جانے چاہئیں اور ان کے اسلحہ کو تباہ کیا جانا چاہیے''۔دوسری جانب حماس نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے مبینہ قتل پر جماعت کے خلاف کوئی بھی اقدام اس کے لیے جہنم کے دروازے کھول دے گا۔حماس کے ترجمان سامی ابو زہری نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ''اگر قابضین کشیدگی کو بڑھاوا دیتے ہیں یا جنگ شروع کرتے ہیں تو وہ اپنے لیے جہنم کے دروازے کھول دیں گے''۔

برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے صہیونی ریاست کی ہم نوائی میں تینوں اسرائیلی لڑکوں کے قتل کو دہشت گردی کا ناقابل معافی جرم قراردیا ہے اور کہا ہے کہ برطانیہ اسرائیل کی انصاف کے حصول کے لیے حمایت کرے گا۔فرانسیسی صدر فرانسو اولاند نے ایک بیان میں ان کے قتل کو دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی قرار دے کر اس کی مذمت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :