لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں بیشتر پٹرول پمپس دوسرے روز بھی بند رہے ،کھلے ہوئے پمپس پر طویل قطاریں،قلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اضافی نرخوں پر فروخت جاری ،مقررہ حد سے زیادہ پٹرول نہیں دیا جارہا ‘ شہریوں کا موقف،اگلے چند گھنٹوں میں پورے پنجاب میں پٹرول کی اضافی سپلائی پوری کر لی جائے گی‘صوبائی وزیر کرنل (ر) شجاع خانزادہ

ہفتہ 9 اگست 2014 19:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9اگست۔2014ء) یوم شہدا ء اور آزادی مارچ کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کے پیش نظر حکومت کے احکامات کے بعد لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں بیشتر پٹرول پمپس دوسرے روز بھی بند رہے ،کھلے ہوئے پمپس پرطویل قطاریں لگی رہیں جہاں ایک مقررہ حد سے زیادہ پٹرول فروخت نہیں کیا جارہا ، قلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اضافی نرخوں پر فروخت جاری رہی ۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی طرف سے یوم شہداء اور آزادی مارچ کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے پٹرول پمپ مالکان کو کاروبار بند رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے جسکے بعد جمعہ کی رات سے ہی بیشتر مالکان نے قناتیں لگا کر اپنے پٹرول پمپس بند کر دئیے تھے ۔ گزشتہ روز بھی مختلف شہروں میں چند ایک پمپس کھلے رہے جہاں پر پٹرول کے حصول کیلئے آنے والوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں جسکے باعث لڑائی جھگڑے بھی ہوتے رہے ۔

(جاری ہے)

پٹرول پمپ مالکان نے ایک مقررہ حد سے زائد فروخت نہ کی جبکہ بعض مقامات پر قلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اضافی نرخوں پر فروکت کی گئی ۔ صوبائی وزیر کرنل (ر) شجاعت خانزادہ نے بتایا کہ لاہور میں روزانہ 18 سے 20 لاکھ لیٹر پٹرول استعمال ہوتا ہے اور غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے لوگوں نے گزشتہ دو روز میں معمول سے زیادہ پٹرول خرید لیا ہے۔وفاقی وزارت پٹرولیم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگلے چند گھنٹوں میں پورے پنجاب میں پٹرول کی اضافی سپلائی پوری کر لی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :