آزادی مارچ خیبر پختونخوا میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں،

پشاور اور نوشہرہ میں موٹر سائیکل ریلیاں ،کارکنان کا ہر صورت اسلام آباد پہنچنے کا عزم، دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی

پیر 11 اگست 2014 19:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اگست۔2014ء) تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام آزادی مارچ کی تیاریاں اور عوام کی موبلائزیشن عروج پر پہنچ گئی۔پشاور میں گزشتہ روز دو موٹر سائیکل و کار ریلیاں نکالی گئیں۔پہلی ریلی ٹاؤن تھری کے الیاس خلیل سمیت دیگر رہنماؤں کی قیادت میں قیوم سٹیڈیم پشاور سے نکالی گئی جو صدر سے ہوتے ہوئے حیات آباد تک پہنچی جبکہ دوسری ریلی(مشعل بردار) ایم پی اے یاسین خلیل اور یوتھ ونگ ضلع پشاور کے صدرسجاد بنگش کی قیادت میں حیات آباد فیز تھری چوک سے پشاور صدر تک نکالی گئی،ریلیوں میں تحریک انصاف کے ایم این ایز حامد الحق،ساجد نواز،ایم پی ایزشوکت یوسفزئی، محمود جان،ارباب جہانداد و دیگر رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

سینکڑوں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر آئے ہزاروں شرکاء نے تحریک انصاف کے جھنڈے اور مشعلیں اٹھا رکھی تھیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نوجوانوں میں بھرپور جوش و جذبہ پایا گیا۔نوجوان نعرے بازی کرتے اور تحریک انصاف کے ترانے سنتے شہر میں ریلی کرتے رہے جس سے جشن کا سا سماں بندھ گیا۔ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں اور نوجوانوں نے 14اگست کو ہر صورت اسلام آباد پہنچنے کے عزم کا اظہار کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی طاقت انہیں اسلام آباد پہنچنے سے نہیں روک سکتی۔نوشہرہ میں انصاف یوتھ ونگ کے صوبائی صدر سجاد فیاض کی قیادت میں ایک بڑی موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی ۔ریلی نے پورے شہر میں چکر لگایا جس کے بعد اپنے خطاب میں رہنماؤں نے کارکنان کو بھرپور تیاری کیساتھ14اگست کواسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی ۔