پاکستان پیپلز پارٹی حقیقی عوامی قوت کی حامل سیاسی جماعت ہے‘فیصل کریم خان کنڈی

جمعہ 10 اکتوبر 2014 14:57

ڈیرہ اسما عیل خان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اکتوبر۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء اور قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر فیصل کریم خان کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی حقیقی عوامی قوت کی حامل سیاسی جماعت ہے جس نے ہر دور میں آمریت اور ملک دمشن قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور مستقبل میں بھی پی پی پی اس ملک کو بحران سے نکالے گی، اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے قائد عمران خان کسی کے بہکاوے میں آکر وزیر اعظم بننے کی خوش فہمی میں مبتلا ہوگئے ہیں، دھرنا سازش کو ان کے اپنے ہی لوگوں نے بے نقاب کیا اور ناکام کردیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) میں واضح سیاسی، نظریاتی اور اصولی مخالفت موجود ہے، ہم موجودہ مرکزی حکومت کو عوام کے لیئے مسائل کے حل کے بجائے مسائل میں اضافے کا باعث سمجھتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں پیپلز پارٹی کے سربراہ، سابق صدر آصف علی زرداری نے برداشت، احترام اور رواداری کی مثالیں قائم کیں مگر عمران خان نے ملکی سیاست میں طوفان بدتمیزی کو روشناس کرایا اور نئی نسل کو اختلاف رائے کے باوجود دوسرے کی عزت نفس مجروح نہ کرنے کے بجائے بدتمیزی کا درس دیا جو نا مناسب ہے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل میں مکمل ناکام ہو چکی ہے،، خیبر پختونخواہ میں کرپشن زبان زد عام ہے ، انہوں نے کہا کہ اٹھارہ اکتوبر کو کراچی میں پی پی پی کے قائد بلاول بھٹو زرداری کا جلسہ نہ صرف تاریخی نوعیت کا ہوگا بلکہ مخالفین کی آنکھیں کھولنے کے لیئے کافی ہوگا، پی پی پی کا ہر ورکر مقامی اختلافات کے باوجود بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بھٹو ازم اور پاکستان کے لیئے تن من دھن کی بازی لگانے کے جذبے سے سرشار ہے -

متعلقہ عنوان :