Live Updates

15 نومبر کو خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات، پیپلز پارٹی کے جلسے میں ’گو نواز گو‘ ہو گا، زہرہ شاہد کے قاتلوں کو منظر عام پر لایا جائے: عمران خان

منگل 14 اکتوبر 2014 23:19

15 نومبر کو خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات، پیپلز پارٹی کے جلسے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اکتوبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے وقت ہماری رہنماءزہرہ شاہدکو قتل کر دیا گیا تھا، ان کے قاتلوں کو منظر عام پر لایا جائے، چاہے ان قاتلوں کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو ان کی شناخت جاری کی جائے ،ان کو عدالتوں میں پیش کیا جائے اوران کو ان کے کئے کی سخت سزا دی جائے، تا کہ انصاف کا نظام قائم ہو سکے۔

ڈی چوک میں جاری دھرنے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لئے بلدیاتی انتخابات بہت ضروری ہیں، ان کے ذریعے اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوتے ہیں اور عوام مضبوط ہوتے ہیں، اس لئے 15 نومبر کو صوبہ خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کروائیں گے، یہ شفافیت میں اپنی مثال آپ ہوں گے اور کوئی ان پر انگلی نہیں اٹھا سکے گااور سب ترقیاتی کام ان منتخب لوگوں کے ذریعے کروائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

کپتان نے اعلان کیا کہ پرسوں نوجوانوں کو خطاب کروں گا اور ایک اقبال کے شاہین کے موضوع پر خصوصی لیکچر دوں گااس لئے میری ملک پھر کے طالب علموں اور نوجوانوں سے درخواست کے ڈی چوک میں ہمارے دھرنے میں پہنچیں ، میں اس کے لئے خاص تیاری کر رہا ہوں تاکہ نوجوانوں سے دل کی باتیں کروں۔ انہوں نے کہا کہ چاہتا تو بجلی کا بل ادا کر دیتامگر یہ بل جلا دیا کیونکہ اس حکومت نے ایک ہی سال میں بجلی کی قیمت میں 80 فیصد اضافہ کر دیا ہے، اگر میں بل نہ جلاتا تو اس قیمت میں مزید اضافہ کر دیا جاتا اور غریب طبقہ پستا رہتا، خیر ہے بجلی کٹ گئی ہے تو کیا ہوا موسم اچھا ہو گیا ہے لیکن مجھے دکھ ہے کہ ایک بیوہ نے بجلی کا زیادہ بل آنے پر خودکشی کر لی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 17 اکتوبر کو انشاءاللہ سرگودھا میں تاریخی جلسہ کر رہے اور اس دن سٹیج کے اوپر سارا کنٹرول میرے پاس ہو گا اور اسٹیڈیم کے گیٹوں کا کنٹرول بھی ہمارے اپنے لوگوں کے پاس ہو گا تا کہ ملتان جلسے جیسا کوئی واقعہ نہ ہو ، اس لئے سرگودھا کے لوگ تیار ہو جائیں میں ان کے پاس اپنا پیغام لے کر آ رہا ہوں۔عمران خان نے دعویٰ کیا کہ مزار قائد پر پیپلز پارٹی کے جلسے میں بھی ’گو نواز گو‘ کا نعرہ لگے گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات