میں شہیدوں کا وارث اور دھرتی کا رکھوالا ہوں، اپنی والدہ شہید بے نظیر بھٹو کے ادھورے سفر کو مکمل کروں گا، بلاول بھٹو زرداری

جمعہ 17 اکتوبر 2014 22:23

میں شہیدوں کا وارث اور دھرتی کا رکھوالا ہوں، اپنی والدہ شہید بے نظیر ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 اکتوبر۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں شہیدوں کا وارث اور دھرتی کا رکھوالا ہوں۔ اپنی والدہ شہید بے نظیر بھٹو کے ادھورے سفر کو مکمل کروں گا۔ عوام کے مسائل کو حل کرنا ہماری ترجیح اور ملک کو خوشحال بنانا ہمارا مشن ہے۔ آؤ میرا ساتھ دو تاکہ ہم شہید بی بی کے مشن کو پورا کرسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بلاول ہاؤس میں کاروان جمہوریت ٹرک کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سید خورشید شاہ، قمر زمان کائرہ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، شرجیل انعام میمن، عبدالقادر پٹیل اور دیگر بھی موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری جب ٹرک پر پہنچے تو کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے نعرے لگائے ”یااللہ یارسول، بے نظیر بے قصور، چاروں صوبوں کی زنجیر بے نظیر، بے نظیر، نعرہ بھٹو جئے بھٹو، جئے بینظیر بھٹو ۔ اس موقع پر کارکنوں کا جذبہ قابل دید تھا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ دھرتی ہماری ہے۔ ہم اس کے رکھوالے ہیں۔ ہم بھٹو کے سپاہی ہیں۔ شہید بی بی کے مشن کے رکھوالے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی طاقت ہے۔

پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے۔ پیپلز پارٹی جمہوریت کی محافظ ہے۔ ہم آج اس ٹرک پر چڑھ کر جمہوریت کے تحفظ کے لئے کاروان جمہوریت کا آغاز کررہے ہیں۔ اس سفر کا آغاز 18 اکتوبر 2007ء کو بے نظیر بھٹو نے وطن واپس آکر کیا تھا۔ انہوں نے جمہوریت کے لئے قربانی دی۔ آج ہم ان کے مشن کو پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں پوری قوم کو مخاطب کرکے کہتا ہوں کہ پاکستان کے رہنے والے تمام لوگ ہمارے ہیں۔

خیبرپختونخوا والے میرے بازو ہیں، بلوچستان میری شان ہے، پنجاب والے میری جان ہیں اور سندھ والے میری قوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت اور چاروں صوبوں کی زنجیر ہے۔ بھٹو کا نواسہ اور بی بی کا بیٹا ہفتہ کو عوام سے مخاطب ہوگا۔ میں عوام سے کہتا ہوں کہ آؤ مزار قائد آؤ، میرے ساتھ چلو تاکہ شہید بی بی کے مشن کو پورا کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :