بلوچستان کے طلباء کے لیے تعلیم کے حصول کے لیے دوسرا راستہ نہیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

جمعہ 14 نومبر 2014 18:32

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14نومبر 2014ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے طلباء کے لیے تعلیم کے حصول کے لیے دوسرا راستہ نہیں، صوبے اور ملک کو اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کی ضرورت ہے، صوبائی حکومت بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ترک حکومت کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ نے پاک ترک سکول اسپینی روڈ کمپلیکس کے دورے کے موقع پر فٹبال گراؤنڈ کے ڈسٹوٹرف کے افتتاح اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سکول پہنچنے پر وزیر اعلیٰ کا پاک ترک انٹرنیشنل سکول کے حکام نے شاندار استقبال کیا اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو سکول سے متعلق بریفنگ دی۔

وزیر اعلیٰ نے سکول کی مختلف کلاس رومز، ہاسٹل کے کمروں اور لیبارٹری کا معائنہ کیا ، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے سکول میں قائم فٹبال گراؤنڈ کے ڈسٹوٹرف اور لیگ فٹبال ٹورنامنٹ کا بھی افتتاح کیا، وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ترک حکومت کی تعلیمی شعبے میں خدمات اور کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ پاک ترک انٹرنیشنل سکول کی انتظامیہ اندرون بلوچستان بھی اپنی تعلیمی سرگرمیوں اور خدمات کا دائرہ بڑھائے گا، انہوں نے کہا کہ طلباء صوبے اور ملک کا مستقبل ہیں ان کے ساتھ حصول علم کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں بلوچستان کے طلباء کو نہ صرف ملک بلکہ دنیا کے علمی اور تیکنیکی مقابلے کے لیے خود کو تیار کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے پاک ترک انٹرنیشنل سکول میں کھیلوں کے فروغ کے لیے 10لاکھ روپے جبکہ گرلز کیمپس کے لیے سرکاری اراضی کی نشاندہی کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے فٹبال کو کک لگا کر لیگ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ پاک ترک انٹرنیشنل سکول کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ پاک ترک انٹرنیشنل سکول کی بلوچستان میں تعلیمی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اس موقع پر موجود صحافیوں کے ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہاکہ مسلم لیگ(ق) کی صوبائی حکومت سے الگ کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں یہ خبر ایک منصوبے کے تحت چلائی گئی ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے کوآرڈینیٹر احمد جان بھی موجود تھے۔