کراچی :لیاری میں پولیس اور رینجرز کی کارروائیاں ،گینگ وارکے4ملزم ہلاک

جمعہ 21 نومبر 2014 15:45

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) کراچی کے علاقے لیاری میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران اہم گینگسٹر ندیم عرف جاپانی مارا گیا۔ لیاری میں ہی رینجرز کے ساتھ 3 مبینہ مقابلوں میں گینگ وارکے اہم کردار لالہ اورنگی اور نعیم کالو سمیت تین ملزمان ہلاک ہو گئے۔چاروں ملزمان مجموعی طور پر قتل کی 171وارداتوں میں ملوث تھے۔ لیاری میں مبینہ پولیس مقابلے میں گینگ وار کا انتہائی اہم ملزم ندیم عرف جاپانی مارا گیا۔

ایس ایس پی سٹی شیراز نذیر نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ ملزم کا تعلق بابا لاڈلہ گروپ سے تھا۔پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ ملزم نے 60 افراد کو قتل کیا تھا اور وہ جھٹ پٹ مارکیٹ دھماکے میں بھی ملوث تھا جس میں 12 بچوں اور خواتین سمیت 16 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔لیاری آٹھ چوک کے قریب رینجرز کے ساتھ مبینہ مقابلے میں بابا لاڈلہ گروپ سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان فیض محمد عرف لالہ اورنگی اور محمد نعیم عرف نعیم کالو مارے گئے۔

(جاری ہے)

رینجرز حکام کے مطابق ملزم لالہ اورنگی ٹارگٹ کلنگ کی 59وارداتوں میں مطلوب ہونے کے علاوہ دہشتگردی سمیت دیگر سنگین جرائم میں بھی ملوث تھا،، جبکہ محمد نعیم عرف نعیم کالو پیپلز پارٹی کے سابق کونسلر جمیل کے قتل سمیت ٹارگٹ کلنگ کی 42 وارداتوں میں ملوث تھا۔ تیسرا مبینہ مقابلہ سنگولین میں ہوا، ترجمان رینجرز کے مطابق مقابلے میں گینگسٹر یونس عرف مادی مارا گیا۔ رینجرز ترجمان کا دعوی ہے کہ ہلاک ملزم پولیس کے اے ایس آئی ریاض تنولی اور ایک سیاسی جماعت کے 5 کارکنوں کے قتل سمیت ٹارگٹ کلنگ کی 10 وارداتوں میں مطلوب تھا۔