15دسمبرکو ثابت کر دیں گے لاہور تحر یک انصاف کا قلعہ ہے،میاں محمود الرشید ،

جو ڈیشل کمیشن میں حکمرانوں کی دھاندلی قوم کے سامنے بے نقاب ہو جائیگی،رانا ثناء اللہ خان جیسے لوگ ریاستی دہشت گردی کے ماسٹر مائنڈ ہیں، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی

ہفتہ 13 دسمبر 2014 23:39

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2014ء) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ 15دسمبرکو ثابت کر دیں گے لاہور تحر یک انصاف کا قلعہ ہے ‘عوام عمران خان کے ساتھ اور حکمرانوں کیخلاف سڑکوں پر آچکے ہیں ‘جو ڈیشل کمیشن میں حکمرانوں کی دھاندلی قوم کے سامنے بے نقاب ہو جائیگی‘رانا ثناء اللہ خان جیسے لوگ ریاستی دہشت گردی کے ماسٹر مائنڈ ہیں ‘تحریک انصاف حکمرانوں کی ریاستی دہشت گردی اور غنڈہ گردی سے خوفزدہ ہونے والی نہیں‘حکمران ایک جھوٹ چھپانے کیلئے ہزاروں جھوٹ بولتے ہیں لیکن اس کے باوجود عوام ان کی باتوں پر اعتبار کر رہے ہیں اور نہ ہی آئندہ کریں گے ۔

وہ رکن قومی اسمبلی شفقت محمودکے ہمراہ لاہور میں15دسمبر کے احتجاج کے حوالے سے منعقدہ تقر یب سے خطاب کر رہے تھے اپوزیشن لیڈر پنجا ب اسمبلی میاں محمود الرشید نے کہاکہ حکمران اپنی چوری چھپانے کیلئے تحریک انصاف پر گھٹیا الزام تراشی کر رہے ہیں حالانکہ پوری قوم جانتی ہے کہ (ن)لیگ کی صوبائی حکومت نے ہی ریاستی دہشت گردی کر کے فیصل آباد میں پر امن احتجاج کو پرتشدد بنایا اور تحریک انصاف کے بے گناہ کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ایک کارکن کو شہید بھی کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ رانا ثناء اللہ اللہ ہوں یا حکومت کے دوسرے لوگ سب جھوٹ بول بول کر قوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ان کی ایک نہیں چلے گی اور 15دسمبر کو لاہور میں بھی تحریک انصاف کا پر امن اور تاریخی احتجاج ہو گا اور ہم ثابت کر دیں گے کہ لاہور کسی اور کا نہیں بلکہ تحریک انصاف کا ہی قلعہ ہے اور یہاں کے عوام عمران خان اور تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور ملک میں تبدیلی کرپٹ حکمرانوں سے نجات کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔