25 دسمبرکا دن برصغیر کی تاریخ میں نہایت اہمیت کا حامل ہے،گورنر بلوچستان کا قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر پیغام

بدھ 24 دسمبر 2014 23:24

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ 25 دسمبرکا دن برصغیر کی تاریخ میں نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ دن اس عظیم شخصیت کا یوم پیدائش ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک غیر قوم کی غلامی سے نجات دلائی اوران کیلئے ایک آزاد و خودمختار ملک حاصل کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق اپنے ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور حصہ لیں گے اور اس کا تحفظ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ آج بلوچستان میں ایک منتخب عوام دوست حکومت قائم ہے جو صوبے کے حقیقی نمائندوں پر مشتمل ہے یہ حکومت امن وامان کے قیام ، لوگوں کے بنیادی مسائل کے حل اور صوبے کی تعمیر و ترقی کیلئے خلوص نیت سے کام کررہی ہے ۔