پشاور،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ژونگ ٹیلی کام کمپنی کے مابین انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے طلبہ کے سپورٹ سسٹم کی مضبوطی کے لئے معاہدے پردستخط

منگل 14 اپریل 2015 21:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اپریل۔2015ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ژونگ ٹیلی کام کمپنی کے مابین انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے طلبہ کے سپورٹ سسٹم کی مضبوطی کے لئے ایک معاہدے کی یاداشت پر دستخط ہوئے-اوپن یونیورسٹی کی طرف سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی جبکہ رونگ کی طرف سے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو لیو ڈینفنگ نے معاہدے پر دستخط کئے -معاہدے کے مطابق زونگ کمپنی کے 3Gاور 4Gسمارٹ فون نیٹ ورک کے ذریعے اوپن یونیورسٹی کے ملک بھر میں موجود لاکھوں طلبہ و طالبات کے داخلوں امتحانات اور کتابوں کی ترسیل سے متعلق فوری معلومات فراہم کی جائیں گی- اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر  پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ نئی نسل کی بہتر کل کو یقینی بنانے کے لئے یونیورسٹی کے مجموعی تدریسی نظام میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کے کام پر یونیورسٹی انتظامیہ تیزی سے عمل پیراہے-انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی کے خواب "تعلیم سب کے لئے"کو شرمندہ تعبیر کرنا طلبہ کے سپورٹ سسٹم کی مضبوطی سے مشروط ہے - انہوں نے کہا کہ طلبہ ہی یونیورسٹی کا اصل سرمایہ ہیں اس لئے طلبہ کو بہترین اور شفاف خدمات فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے- انہوں نے کہا کہ اصل چیز طلبہ کا بھروسہ اور اعتماد ہے اور یونیورسٹی پر طلبہ کے اعتماد میں جس قدر اضافہ ہوگا اس قدر یونیورسٹی کی ریٹنگ میں بھی اضافہ ہوتا جائے گا- زونگ کمپنی کے انفارمیشن آفیسر  نیاز اے ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دستخط ہونے والے معاہدے کے مطابق اوپن یونیورسٹی کے طلبہ اپنی تدریسی سرگرمیوں میں زونگ کمپنی کے ایک اچھے موبائیل فون کی سہولت سے لطف اندوز ہوں گے- انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ زونگ ٹیلی کام کمپنی کے لئے اس لئے قابل فخر ہوگاکہ اس معاہدے کے تحت زونگ کمپنی دنیا کی چار بڑی یونیورسٹیوں میں شامل اوپن یونیورسٹی کے ساتھ تعلیم گھر گھر پھیلانے کے مشن میں مل کر کام کرے گی- معاہدے کی دستخط کی تقریب کے موقع پر یونیورسٹی کے آفیسرز ماجد رشید آصف قاضی اور سد مختار حسین تالپور بھی موجود تھے-