پنجاب یونیورسٹی کو صحیح معنوں میں یونیورسٹی بنانے اور دہشت سے پاک کرنے کا کریڈٹ ڈاکٹر مجاہد کامران کو جاتا ہے‘ خواجہ سعد رفیق

جمعہ 24 اپریل 2015 21:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کو صحیح معنوں میں یونیورسٹی بنانے اور دہشت سے پاک کرنے کا کریڈٹ ڈاکٹر مجاہد کامران کو جاتا ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی فیصل آڈیٹوریم میں پرائم منسٹر سکیم کے تحت ذہین طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان ڈاکٹر مختار احمد، وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران، ممبر پنجاب اسمبلی غزالی سلیم بٹ، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی، ڈینز، سینئر فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ 1982 میں مجھے پہلی رات ہی مغوی بنایا گئے اور خوب ’’مہمان داری‘‘ کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرا پنجاب یونیورسٹی لاء کالج میں میرٹ پر داخلہ ہوا تھا پر مجھے ایل ایل بی نہیں کرنے دیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ نظریات پر پابندی قابل قبول نہیں ہے دانش گاہ کو پھلنا پھولنا چاہیے آمریت کی مذمت اور اس کے خلاف مزاحمت ہونی چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ معیارِ تعلیم کو بہتر بنانے اور ڈسپلن کو قائم کرنے میں حکومت پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کی مکمل سپورٹ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ میرٹ پر دئیے جا رہے ہیں اس میں کسی حکمران کا کوٹہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں ہمیں ڈوبتا ہوا پاکستان ملا دہشت گردی اور لاقانونیت ملی اور توانائی کا بحران حصے آیا مگر ہم پاکستان کو مضبوط بنا رہے ہیں اور ملک کا مستقبل روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے صدر کے آنے سے 45 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی ہے جس میں سے 80 فیصد فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ ہے پاکستان میں اتنی بڑی انویسٹمنٹ کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔

اب ہماری ذمہ داری ہے کہ منصوبوں کو وقت پر مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چائنا اکنامک کاریڈور خطے کی تقدیر بدل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 2017 تک دس ہزار میگا وات بجلی لائیں گے۔ محکمہ ریلوے کا ریونیو 45 کروڑ تھا رواں سال ساڑھے 8 ارب کمائیں گے۔ محکمہ ریلوے کو مکمل طور پر غیر سیاسی کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کی صورتحال پر لوگ سمجھتے تھے کہ حکم کی تعمیل ہو گی مگر پاکستان ایک باوقار ریاست بن کر ابھرا ہے۔

ہم ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ ہم سعودیہ عرب کی حفاظت کریں گے ۔ انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ تعلیم پر توجہ کے ساتھ ساتھ سیاست پر نظر رکھیں اور اپنی اپنی پارٹی کو سپورٹ کریں۔ چئیرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ گزشتہ سال حکومت نے اپنے وعدے کے عین مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن کو مکمل بجٹ فراہم کیا ہے۔

اور امید ہے کہ اگلے مالی سال کے لئے بجٹ میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہائر ایجوکیشن کے شعبے میں انقلاب آ چکا ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلباء و طالبات وزیر اعظم کی لیپ ٹاپ سکیم سے استفادہ کریں گے اور مختلف مضامین اور جرائد تک ان کی رسائی آسان ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ طلباء وطالبات پاکستان کا مستقبل روشن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ بعدازاں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پنجاب یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے 40 طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے جبکہ اگلے ہفتے سے پنجاب یونیورسٹی کے 5 ہزار طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم شروع کر دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :