بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کے بعد کسی بھی ترقیاتی کام کا جواز نہیں بنتا،میاں افتخارحسین

دھاندلی کا شور مچانیوالوں نے خیبر پختونخوا میں بدترین دھاندلی پر آنکھیں کیوں بند کر رکھی ہیں ،الیکشن کمیشن بلدیاتی الیکشن میں بے دریغ سرکاری مشنری کے استعمال کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے،سیکرٹری جنرل عوامی نیشنل پارٹی

اتوار 24 مئی 2015 16:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 مئی۔2015ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جو سیاسی فضا قائم ہو گئی ہے اس کے نتیجے میں اے این پی کی کامیابی یقینی ہو چکی ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے عوام اب دھوکہ دینے والوں کا بوریا بستر گول کر دیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوکی ممریز پبی میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے تبدیلی کا نعرہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا تھا تاہم عوام اب بیدار ہو چکے ہیں اور اب وہ خالی خولی نعروں پر یقین نہیں کریں گے ، میاں افتخار حسین نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کے بعد کسی بھی ترقیاتی کام کا جواز نہیں بنتا کیونکہ یہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق اور آئین کی خلاف ورزی ہے اور بدقسمتی سے صوبائی حکومت ہی اس میں ملوث ہے انہوں نے کہا کہ دھاندلی کا شور مچانے والوں نے خیبر پختونخوا میں بدترین دھاندلی پر آنکھیں کیوں بند کر رکھی ہیں ،انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی الیکشن میں بے دریغ سرکاری مشنری کے استعمال کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اپنے لوگ بھی تحریک انصاف سے نالاں ہیں اور وہ اے این پی کو ہی اپنا نجات دہندہ تصور کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کا سوچ رہی ہے تاہم اسے ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں حکومتی جماعتوں کو شکست سے دوچار کریں گے ،اور اے ان پی کے امیدواروں کی جیت کو یقینی بنانے کیلئے کارکن رابطوں کو مزید تیز کریں انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی کا سفر جاری رکھنے کیلئے عوام بلدیاتی الیکشن میں اے این پی کے امیدواروں کو ووٹ دیں تا کہ عوام اور حوبے کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔،انہوں نے کہا کہ اے این پی منافقت پر یقین نہیں رکھتی اور جہاں بھی عوام یا صوبے کے حقوق غصب کرنے کی کوشش کی گئی اے این پی اس کے خلاف بھرپور مزاحمت کرے گی ، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی الیکشن میں سرکاری مشنری کے استعمال کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے انہوں نے اپیل کی کہ عوام صوبے کی ترقی کا سفر جاری رکھنے کیلئے اپنا قیمتی ووٹ اے این پی کو دیں،میاں افتخار حسین نے کہا کہ عوام پی ٹی آئی کی حکومت سے نالاں ہیں جس نے صوبے کے عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے اور انشاء اﷲ 30مئی کا سورج اے این پی کی فتح کی نوید لے کر طلوع ہو گا ،اور بلدیاتی الیکشن میں کامیابی کے بعد عوام کے دیرینہ مسائل اب ان کی دہلیز پر حل کئے جائیں گے ، میاں افتخار حسین نے کہا کہ اے این پی عوامی خدمت کا سلسلہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی جاری رکھے گی۔