سکولوں کی خستہ حال عمارتوں کی فوری تعمیر و مرمت پر 15 ارب خرچ کرینگے،معیاری تعلیم کیلئے وسائل فراہم کئے ہیں،مجھے نتائج چاہئیں،’’پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب‘‘ پروگرام کے تحت مقررہ اہداف کے حصول کیلئے سخت محنت سے کام کیا جائے

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

جمعہ 29 مئی 2015 22:49

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے ’’پڑھو پنجاب۔بڑھو پنجاب‘‘ پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے۔پروگرام کے تحت 2018ء تک ہر بچے کے سکول داخلے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور تعلیم کا معیار بلند کرنے کیلئے خصوصی اہداف کا تعین کیا گیا ہے۔

وہ جمعہ کو یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں ’’پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب‘‘ پروگرام پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فروغ تعلیم کیلئے وسائل کی فراہمی اخراجات نہیں بلکہ سودمند سرمایہ کاری ہے۔ تعلیم کے فروغ کیلئے پہلے بھی وسائل فراہم کئے ہیں، آئندہ بھی کریں گے، لیکن مجھے نتائج بھی چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں گزشتہ سات برس کے دوران پنجاب حکومت نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے، تاہم یہ طویل سفر کا آغاز ہے۔ ابھی ہمیں تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے بہت کچھ کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پروگرام کے حوالے سے آئندہ 3 برس کے دوران مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے سخت محنت سے کام کیا جائے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا جائزہ لے کر جامع منصوبہ مرتب کیا جائے۔

’’پڑھو پنجاب۔ بڑھو پنجاب‘‘ پروگرام کو جدید تقاضوں کے مطابق چلایا جائے۔ اجلاس میں پنجاب کے سرکاری سکولوں کی خستہ حال عمارتوں کی فوری تعمیر و مرمت کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں کی خستہ حال عمارتوں کی تعمیر و مرمت پر ایک برس کے دوران 15 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے اور اس ضمن میں تعمیراتی کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اعلیٰ معیار کو یقینی بناتے ہوئے خستہ حال عمارتوں کی تعمیر و مرمت کا کام مکمل کرائیں۔ وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں صوبائی سٹیرنگ کمیٹی تشکیل دے دی جو خستہ حال عمارتوں کی تعمیر و مرمت کے کام کی نگرانی کرے گی جبکہ اس ضمن میں ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر کے نجی سکولوں کی عمارتوں کا مکمل سروے کر ایا جائے اور نجی سکولوں کی میپنگ کرکے ان کی عمارتوں کی سالانہ انسپکشن کا نظام مرتب کیا جائے۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :