ملک بھر میں حکو متی دعوؤں کے باوجود بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کی چیخیں نکال دیں،پنجاب کے مختلف شہروں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈ نگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے ، شدید گرمی کے باعث چھٹی کے روز لوگوں نے نہروں، دریاوٴں اور دوسری پرفضا مقامات کا رخ کرلیا ‘ شہر قائد کے عوام پر ساحل سمندر جانے پر پابندی اتوار کو بھی برقرار رہی ، رحیم یار خان میں درجہ حرارت 46ڈگری سینٹی گریڈ ، میدانی علاقوں میں شدید گرمی کا راج رہا‘محکمہ موسمیات

اتوار 7 جون 2015 21:16

لاہور/اسلام آباد / کراچی/ ملتان /فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔7 جون۔2015ء) ملک بھر میں حکو متی دعوؤں کے باوجود بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کی چیخیں نکال دیں‘پنجاب کے مختلف شہروں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈ نگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے جبکہ ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر اتوار کو بھی جاری رہی جس کے باعث چھٹی کے روز لوگوں نے نہروں، دریاوٴں اور دوسری پرفضا مقامات کا رخ کرلیا ہے تاہم شہر قائد کے عوام پر ساحل سمندر جانے پر عائد پابندی اتوار کو بھی برقرار رہی  رحیم یار خان میں درجہ حرارت 46ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ سندھ، بلوچستان اور پنجاب سمیت ملک کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کا راج رہا۔

این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق ملک بھر میں 4ہزار سے زائد میگاواٹ کے شارٹ فال کا سامنا ہے جبکہ دوسری طرف شارٹ فال کی وجہ سے بڑے شہروں میں8سے10جبکہ دیہاتوں میں12سے16گھنٹے کی بدتر ین غیر اعلانیہ لوڈشیڈ نگ اتوار کے روز بھی جاری رہی ہے جسکے خلاف عوامی حلقوں کی جانب سے بجلی کی بدتر ین لوڈشیڈ نگ کے خلاف اتوار کے روز لاہور سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہر ے کیے گئے ہیں جبکہ اتوار کے روز ملک میں سب سے زیادہ گرمی رحیم یارخان میں رہی جہاں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیااس کے علاوہ خیرپور، سکھر اور سبی میں 44، نواب شاہ، لاڑکانہ، موہن جو داڑو اور بہاولپورمیں 43، جیکب آباد، سیہون شریف، تربت، ڈیرہ غازی خان، ملتان، لاہور، بھکر، ڈیرہ اسماعیل خان اور اوکاڑہ میں 42، بہاولنگر، جھنگ، ساہیوال اور نور پور تھل میں 41، گوجرانوالہ اور سرگودھا 40، حیدرآباد، راولپنڈی، اسلام آباد، گجرات اور پشاور میں درجہ حرارت 39، کراچی میں 36 جب کہ کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرات 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

شدید گرمی سے چھٹکارے کیلئے ملک بھر میں عوام نے چھٹی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے دریاوٴں، نہروں اور پْرفضا مقامات کا رخ کرلیا ہے تاہم کراچی میں بلدیاتی انتظامیہ نے اونچی لہروں کے پیش نظر شہریوں کو ساحل سمندر پر جانے اور نہانے پر پابندی عائد کردی ہے تاہم کراچی کے ساحل پر دفعہ 144 کے نفاذ اور نہانے پر پابندی کے باوجود گرمی اور لوڈ شیڈنگ کے ستائے شہریوں کی بڑی تعداد سی ویو پہنچی۔

اس دوران ساحل پر پولیس اہلکار شہریوں کو سمندر میں نہانے سے روکنے میں مصروف نظر آئے،البتہ بعض ساحلی مقامات پر پولیس کی عدم موجودگی پر شہری سمندر میں نہاتے رہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک کے میدانی اور بالائی علاقوں میں آئندہ ہفتے شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان سے 900 میل کے فاصلے پر بحریہ عرب میں اس وقت ہوا کا کم دباوٴ موجود ہے جو طوفان کی شکل اختیار کر سکتا ہے جس سے کراچی سمیت ملک کے ساحلی علاقوں میں شدید بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان، کشمیر، مالاکنڈ، قلات اور مالاکنڈ مین بھی شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا اور کہا کہ اس دوران تیز ہوائیں چل سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :