جرمنی میں روبوٹ نے ایک شخص کو قتل کردیا

جمعرات 2 جولائی 2015 13:10

برلن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) جرمنی کے واکس ویگن آٹو موبائل مینو فیکچرنگ پلانٹ میں روبوٹ نے ایک شخص کو قتل کردیا۔عالمی میڈیا کے مطابق واکس ویگن کے ترجمان ہیکو ہل وگ کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کی ہلاکت فرینکفرٹ سے 100 کلومیٹر شمال میں واقع ایک پلانٹ میں پیر کو واقع ہوئی۔ہل وگ نے بتایا کہ اسٹیشنری روبوٹ بنانے والی ٹیم میں شامل ایک 22 سالہ ٹھیکیدار کو روبوٹ نے جکڑ کر ایک دھاتی پلیٹ کے ساتھ مَسل دیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ ایک انسانی غلطی تھی اور اس سلسلے میں روبوٹ کو قصوروار نہیں ٹہرایا جاسکتا، جس کی پروگرامنگ، اسمبلی ( آٹو پارٹس جوڑنے ) کے عمل میں مختلف کاموں کو انجام دینے کے لحاظ سے کی گئی تھی۔ہل وگ کے مطابق یہ روبوٹ پلانٹ میں ایک مخصوص جگہ پر آٹو پارٹس کو پکڑنے اور انھیں جوڑنے کا کام کرتا ہے۔انھوں نے مزید بتایا کہ اسی مقام پر ایک دوسرا ٹھیکیدار بھی موجود تھا، جو واقعے میں محفوظ رہا، تاہم انھوں نے مزید معلومات دینے سے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ ابھی اس سلسلے میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔ پراسیکیوٹرز اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ اس واقعے کا مقدمہ کن الزامات کے تحت اور کس کے خلاف درج کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :