رمضان بازاروں میں خریداروں کا رش اشیائے ضروریہ سستی و معیاری ہونے کا ثبوت ہے‘ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مصنوعی قلت اور مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کر رہے ہیں

صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن مجتبیٰ شجاع الرحمن کی رمضان بازاروں کے دورے کے موقع پر گفتگو

منگل 14 جولائی 2015 23:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جولائی۔2015ء) وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ رمضان بازاروں میں معیاری و سستی اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں اور خریداری کا رش اس کا واضح ثبوت ہے،وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزراء ودیگر سرکاری حکا م رمضان بازاروں میں اعلی کوالٹی پھل ، سبزیوں و دیگر اشیائے خوردونوش کی مارکیٹ سے کم قیمت پر فراہمی کو یقینی بنا یا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت کالونی اور ندیم شہید روڈ کے رمضان بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔ٹاؤن انتظامیہ کے حکام بھی ہمراہ تھے۔ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ غیر معیاری یا مہنگی اشیاء بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں تاکہ رمضان بازاروں میں شہریوں کو معیاری اشیاء سستے داموں دستیاب ہو سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر خریداروں سے اشیاء کی کوالٹی ،قیمت اور رسد کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پررمضان المبارک کے دوران سستے رمضان بازاروں کے لئے اربوں روپے کی سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اشیاء کی کوالٹی اور ان کی رسد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ہے -انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں اور غیر معیاری اشیاء بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن کے خصوص سٹال بھی رمضان بازاروں میں لگائے گئے ہیں اور اعلی کوالٹی کی سبزیاں اور پھل دستیاب ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کے تمام ڈی سی اوز منڈیوں میں اشیاء کی نیلامی کا خود جائزہ لے رہے ہیں اور صوبہ میں ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :