وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے ایک ارب روپے کی امداد کا اعلان

وفاقی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں سندھ کے سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے،متاثرین کی مشکلات کو کم کررہے ہیں مستقبل میں سیلاب کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں وزیر اعظم محمد نواز شریف کی گھوٹکی میں سیلاب متاثرین سے خطاب

منگل 4 اگست 2015 21:55

گھوٹکی/ سکھر ۔ 4 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے ایک ارب روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ منگل کوسکھر اور گھوٹکی میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد گھوٹکی میں متاثرین سیلاب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سندھ کے سیلاب متاثرین کی مشکلات کا ادراک اور احساس ہے جس کا انہوں نے بذات خود مشاہدہ کیا ہے، وفاقی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں سندھ کے سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وہ خود سندھ کی سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے اور متاثرین سے ملاقات کیلئے سندھ آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں دلی افسوس ہے کہ یہاں سیلاب سے متاثرہ کچے کے علاقہ مکینوں کو اپنے گھر بار چھوڑ کر ریلیف کیمپوں میں آنا پڑا ہے، انہیں متاثرین سے بھرپور ہمدردی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ یقینا یہ ایک مشکل گھڑی ہے کہ سیلاب کے باعث کچھ مکینوں کو اپنے گھروں سے نکلنا پڑا، متاثرین کی مشکلات کو کم کررہے ہیں اسلئے یہاں موجود ہیں۔

وزیر اعظم نے اس موقع پر وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ صوبائی وزراء اور انتظامیہ کے سیلاب متاثرین کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے متاثرین کو بحفاظت متاثرہ علاقوں سے نکالا ہے اور خیمے کھانے پینے کی چیزیں فراہم کر رہے ہیں جس میں کوئی کمی روا نہیں رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ احسان نہیں بلکہ حکومت کا فرض ہے جو کہ وہ ادا کر رہی ہے۔

وزیر اعطم نے ا س بات پر زور دیا کہ مستقبل میں سیلاب کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائے جانے چاہیئں، صوبوں اور وفاقی حکومت کو فیصلہ کرنا چاہیے کہ ہم کس طرح سیلابوں کو روک سکتے ہیں تاکہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے محفوظ رہا جا سکے۔ وزیر اعطم نے اس موقع پر سیلاب متاثرین کے کیمپوں میں روشنی کے انتظامات کی بہتری اور پنکھوں کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔

قبل ازیں وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم وزیر اعطم کے شکر گزار ہیں کہ وہ متاثرہ لوگوں کو دیکھنے اور حالات معلوم کرنے کیلئے سندھ پہنچے ہیں اور انہوں نے متاثرہ علاقوں، متاثرین اور بندوں کی حالت دیکھی ہے، کچے کے لوگوں کی تکالیف کا از خودمشاہدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے کچے کے لوگوں کے مال مویشی اور فصل تباہ ہوئی ہے، صوبائی حکومت سندھ اور وفاقی حکومت متاثرین کی مدد جاری رکھے گی، ان کی ہر طرح کی امداد کی جائیگی تاکہ ان کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید، صوبائی مشیر امتیاز شیخ، سینیٹر مشاہد اللہ خان، راحیلہ مگسی سمیت دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔