مسلح افواج وطن عزیز کی جغرافیائی سرحدوں کی امین ہیں پاکستان حالت جنگ میں ہے ایسی صورتحال میں الطاف حسین نے پاکستان کے سیکورٹی اداروں کے خلاف بھارتی زبان بول کر اور بھارت اور یو این او سے مدد مانگ کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ ملک دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں

رکن قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 5 اگست 2015 12:09

کھاریاں (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء) رکن قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا نے کہا ہے کہ مسلح افواج وطن عزیز کی جغرافیائی سرحدوں کی امین ہیں پاکستان حالت جنگ میں ہے ایسی صورتحال میں الطاف حسین نے پاکستان کے سیکورٹی اداروں کے خلاف بھارتی زبان بول کر اور بھارت اور یو این او سے مدد مانگ کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ ملک دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں ۔

گریٹر بلوچستان، پختونستان اور گریٹر پنجاب بنا کر اُن کا ہیڈکوارٹر کراچی بنانے کا الطاف حسین کا خواب کسی دیوانے کے خواب سے زیادہ اہمیت نہیں رکھتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ میں پڑھے لکھے، محب وطن اور باشعور لوگ بھی موجود ہیں یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ ایسے محبان وطن کس مجبوری کے تحت الطاف حسین کے ہر قول و فعل پر آمین کہتے ہیں چوہدری عابد رضا کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف کو حکومت، مسلح افواج اور پوری قوم کی مکمل اور بھرپور حمایت حاصل ہے انہوں نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی مشاورت سے صرف ایک سال میں وہ کر دکھایا جو پوری دنیا میں جدید ٹیکنالوجی رکھنے والے ممالک اور جدید خود کار ہتھیاروں سے لیس مسلح افواج بھی نہیں کر سکیں کل تک دشمنان وطن کہتے تھے کہ 2015ء میں پاکستان کا نقشہ بدل کر رکھ دیں گے لیکن جنرل راحیل شریف نے ایسے تمام عناصر کی گھناؤنی سازشوں اور گھٹیا سوچ کو خاک میں ملا دیا ہے انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے منی لانڈرنگ اور عمران فاروق قتل کیس میں الطاف حسین کے گرد گھیرا تنگ ہوتا جا رہا ہے وہ اُس کا غصہ پاکستان اور پاکستانی قوم پر نکال رہے ہیں جو کسی طور درست نہیں ہم الطاف حسین کی مسلح افواج کے خلاف ہرزہ سرائی کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔