دنیا میں ریاستی ،افرادی اور گروہی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے

تمام مذاہب کے ماننے والوں کو جدوجہد کرنا ہوگی‘ طاہر محمود اشرفی

جمعرات 22 اکتوبر 2015 22:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اکتوبر۔2015ء) دنیا میں ریاستی ،افرادی اور گروہی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام مذاہب کے ماننے والوں کو جدوجہد کرنا ہوگی۔جب تک عراق،شام،فلسطین اور کشمیر کے مسائل کا حل نہیں نکالیں گے انتہاپسندی اور دہشتگردی کا خاتمہ نہیں ہوسکتا۔امت مسلمہ کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ) کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے واشنگٹن کے آدم اسلامک سینٹر میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں تمام آسمانی کتب اور مذاہب کے احترام کے بغیر مکالمے کی راہ ہموار نہیں ہوسکتی ۔بین المذاہب مکالمہ اسی صورت میں طاقت پکڑے گا جب تمام آسمانی مذاہب اورکتابوں کا احترام کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ خاتم النبین ہیں اورآپ پر اتاری جانے والی کتاب اور تعلیمات کا احترام تمام آسمانی مذاہب کی کتب میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ مسلم مسیحٰ اور دیگر مذاہب نے اس بات کا احساس کیا ہے کہ ہمیں مل جل کر دنیا کو امن کا گہوارہ بنانا ہے لیکن دنیا میں امن کا قیام انصاف کی فراہمی اور مذاہب کے مقدسات کے احترام سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالم اسلام کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کی جائیں ۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے خطاب کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف پاکستانی قوم کی طرف سے باراک اوباما اور امریکی انتظامیہ کو یہ بتائیں گے کہ پاکستان دنیا میں امن چاہتا ہے اور اسی لئے ہم نے طالبان اور افغان حکومت کو مذاکرات کی ٹیبل پر بٹھایا تھا لیکن دکھ کی بات ہے کہ افغان خفیہ اداروں نے ہمارے پڑوسی ممالک کے ساتھ مل کر مذاکرات کو سبوتاژ کیا ۔

پاکستان کا افغان طالبان پر کوئی اثر نہیں ہے ہم صرف ایک سہولت کا ر کا کردار اداکرسکتے ہیں مذاکرات افغان حکومت اور طالبان کو کرنے ہیں اور افغانستان کا مسئلہ طاقت سے نہیں مذاکرات سے ہی حل ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض قوتیں مسلمانوں کے مقدسات اور مسلم ممالک کے امن سے کھیلنے کی کوشش کررہی ہیں اور ارض حرمین حرمین الشریفین پر بھی حملے کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں ۔

پاکستان ،سعودی عرب اور ترکی کے امن سے کھیلنے کی کوشش کررہے ہیں ایسے لوگوں کا مقابلہ ہمیں متحد ہوکر کرنا ہوگا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے حجاج کرام کیلئے ہمیشہ بھرپور خدمات سرانجام دی ہیں ۔حرمین الشریفین کے انتظامات کیلئے ایک عالمی کمیٹی بنانے کی بات مضحکہ خیز ہے ۔اس موقع پر امام ماجد،ساؤتھ افریقہ کے ایمبی سیڈر رسول اور پاسٹر اسکاٹ نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :