اسلحے کی نمائش کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی، شرجیل میمن

جمعرات 2 مئی 2024 16:52

اسلحے کی نمائش کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی، شرجیل میمن
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2024ء) وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ اسلحے کی نمائش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی،کراچی پولیس چیف کے آفس پر حملے کا ایک ملزم مدرسے کا معلم تھاجوکہ حملے میں ماراگیاتھا، حملے میں معلم کا ملوث ہونا تشویش کی بات ہے، اس طرح کے لوگ کسی بھی یونیورسٹی یا مدرسے میں ہوں ان کی مکمل مانیٹرنگ ہوگی، غیر قانونی طور پر مقیم افراد مختلف جگہوں پر شیلٹرز لے رہے ہیں، جہاں یہ شیلٹر لے رہے ہیں اس جگہ کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا۔

صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے بعدوزیرِ اعلی ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ۔انہوں نے کہاکہ منشیات فروشوں کے برے دن شروع ہوگئے ہیں، منشیات کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، 40 سے 45 دن میں محکمہ ایکسائز نے 200 ملزمان گرفتار کیے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلی ہائوس میں 31 ویں ایپکس کمیٹی کااجلاس ہوا،اجلاس میں منشیات اور غیر قانونی تارکین وطن سے متعلق بات کی گئی۔

وزیرِ اطلاعات سندھ نے کہاکہ اس وقت ایکسائز اور نارکوٹکس کا محکمہ متحرک ہے، ہم ایکسائز اور نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ میں مزید تبدیلی لائیں گے، کچھ لوگ اسکولوں اور گھروں میں منشیات سپلائی کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی ادارے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کر رہے ہیں، سندھ میں رینجرز، پولیس اور اینٹی نارکوٹکس فورس کارروائی کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے، غیر قانونی طور پر مقیم افراد مختلف جگہوں پر شیلٹرز لے رہے ہیں، جہاں یہ شیلٹر لے رہے ہیں اس جگہ کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسپیشل برانچ، وفاق، صوبائی حکومتوں کے ادارے مل کرغیرقانونی تارکین وطن کا ڈیٹا دوبارہ جمع کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ غیرقانونی طور پرتعلیم حاصل کر رہے ہیں ان کا بھی ڈیٹا جمع کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اکتوبر2023 تک 43762غیرقانونی تارکین وطن واپس بھیجے جاچکے ہیں،1653غیرقانونی تارکین وطن ملک بدر کیے ہیں جبکہ 42109 رضاکارانہ طور پر واپس چلے گئے ہیں۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ 81106 تارکین وطن کے پاس پروف آف رجسٹریشن کارڈ ہے، 65936کودوسرے ملک کا سٹیزن کارڈ ہے، غیرملکی افراد کی57000شناختی کارڈ پہلے سے ہی بلاک کردیئے گئے۔صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ غیرملکی لوگوں کی17217شناختی کارڈبلاک کرنے کے عمل میں ہیں۔