کوڑاکرکٹ پر چارجز کی وصولی جلد شروع کی جائیگی۔احمد شہریار

اتوار 1 نومبر 2015 20:20

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔1نومبر۔2015ء)ملتان کے شہریوں سے کوڑا کرکٹ پرماہانہ چارجز کی وصولی جلد شروع کردی جائے گی۔سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر احمد شہریار نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سالڈ ویسٹ پر ماہانہ چارجز لاہور میں پہلے ہی وصول کیے جارہے ہیں۔وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر اب وصولی کاعمل ملتان میں بھی شروع کیا جائے گا تاکہ شہرمیں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں سمری لاہور بھیج دی گئی ہے اورجیسے ہی اس کی منظوری ہوگی شہریوں سے چارجز کی وصولی شروع کردی جائے گی۔اس حوالے سے فیصلہ کیاگیا ہے کہ 5مرلے تک کے مکان پر 36روپے ،10مرلے کے مکان پر76روپے ،ایک کنال پر 140روپے،دوکنال پر 360روپے،تین کنال پر 800روپے اور چارکنال پر 1000روپے ماہانہ فیس ادا کی جائیگی۔دکانوں سے 80 روپے سے 100روپے ماہانہ فی دکان اور ہسپتال،اکیڈمی اورسکول سے 100روپے ماہانہ تک وصول کیے جائیں گے ۔بصورت دیگر گھروں اور دکانوں کے باہر سے کوڑا کرکٹ نہیں اٹھایا جائے گا۔خاکروبوں کی حاضری اورصفائی کی دیکھ بھال کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں بھی مقرر کی جائیں گی۔