شہر کے تمام بڑے پارکوں میں سی سی ٹی وی کیمرہ لگائے جائیں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کئے جائیں، گورنر سندھ

پارکوں میں بچوں کے لئے تفریحی سہولیات کے ساتھ ساتھ شجر کاری کی جانب بھی توجہ دی جائے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کیا جاسکے

ہفتہ 13 فروری 2016 22:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 فروری۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہاہے کہ شہر کے تمام بڑے پارکوں میں سی سی ٹی وی کیمرہ لگائے جائیں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کئے جائیں تاکہ ان میں ممکنہ تجاوزات اور پارکوں کے غلط استعمال کو روکا جاسکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج شہر کے مختلف پارکوں کے دورے کے موقع پر کیا ۔

وزیر بلدیات جام خان شورو ، کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمرے سے نہ صرف فیمیلز کو تحفظ کا احساس ہو گا بلکہ اس سے پارکوں میں جرائم پیشہ عناصر کی آمد و رفت کو بھی روکا جا سکے گا ۔گورنر سندھ نے کہا کہ پارکوں میں بچوں کے لئے تفریحی سہولیات کے ساتھ ساتھ شجر کاری کی جانب بھی توجہ دی جائے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کیا جاسکے اور ان میں واکنگ اور جاکنگ ٹریکس بنانے پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی تاکہ ان میں واک اور جاکنگ کے لئے آنے والے افراد کو آسانی ہو سکے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ پارکوں کی دیکھ بھال اور انھیں عوام کے لئے زیادہ فائدہ مند بنانے کے لئے پارکوں میں منیجمنٹ کمیٹیاں بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے پارکوں میں بیٹھنے کے لئے بینچوں ، لائٹس کی تنصیب اور خوشنما پودوں کو لگانے پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ شہر کے بڑے پارکس کے باہر موجود ہورڈنگز سے ہونے والی آمدنی ان پارکس کو دینے کی تجویز سے اتفاق کیا اور کہا کہ ان سے پارکوں کی زیادہ بہتر دیکھ بھال میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ پارکوں میں فیسٹیول اور دیگر تقریبات کے انعقاد سے گریز کیا جا نا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ بلدیہ عظمیٰ کو ہدایت کی کہ ان مقاصد کے لئے الگ جگہ مختص کی جائے تاکہ پارکوں کو نقصان سے محفوظ رکھا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ تمام پارکوں کو ان کے اصل پلان کے مطابق بحال کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جا ئے اور پارکوں سے غائب ہو نے والی سہولیات کو فوری طور پر فراہم کیا جائے ۔

جھیل پارک کے دورے کے موقع پر گورنر سندھ نے ہدایت کی کہ پارک کے خالی حصہ میں کھیل کے لئے میدان بنانے کا جائزہ لیا جائے ۔ انہوں نے پارک میں پانی کی پمپنگ ، پارک میں غیر مجاز افراد کے داخلہ روکنے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے پارک میں موجود کچرا کنڈی کو ختم کرنے کے بھی احکامات دیئے ، عزیز بھٹی پارک کے دورے میں گورنر سندھ نے پارک میں موجود بنچوں کی حالت زار بہتر بنانے کی ہدایت کی اور ٹوٹے ہوئے ٹائلز کی فوری مرمت کے لئے بھی احکامات دیئے ۔

انہوں نے پارک کے 75 فیصد غیر استعمال شدہ حصے کو بہتر بنانے کیلئے جلد ازجلد منصوبہ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ، 47 ایکڑ پر پھیلے ہوئے شہید بینظیر بھٹو پارک کلفٹن کے دورے کے موقع پر گورنر سندھ نے وہاں واک وے کی حالت مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی جبکہ پارک میں موجود فوٹو گیلری کا بھی معائنہ کیا ۔بیچ ویو پارک کلفٹن کے دورے کے موقع پر انہوں نے پارک میں صفائی کی مجموعی صورتحال کو فوری طور پر بہتر بنانے کی ہدایت کی اور وہاں موجود سیوریج کے پانی کی فوری نکاسی کے احکامات بھی دیئے ۔

انہوں نے پارک کے عقب میں موجود غیر قانونی لینڈ فل سائٹ کو ہٹانے جانے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس زمین کو بھی تفریحی مقاصد کے لئے استعمال کیا جانا چاہئے ، باغ ابن قاسم کے دورے میں گورنر سندھ نے پارک میں موجود دگھانس کو مزید بہتر بنانے اور خالی زمین پر گھانس اگانے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے ہل پارک اور شہید ہو ش محمد شیدی پارک کا بھی دورہ کیا۔

دریں اثناء کراچی کے پارکوں کے طویل دورے کے اختتام پر گورنر سندھ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنے اور پائیدار بنانے میں ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل اہم کردار ادا کرتی ہیں کیونکہ یہ دونوں چیزیں باہم منسلک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کے قیام کے بعد اب ترقیاتی منصوبوں کی جانب توجہ دی جارہی ہے جن میں K-1V کے جلد آغاز اور S-111 کی تکمیل سے کراچی کے شہریوں کو فرا ہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات میسر ہو ں گی ۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے خصوصی ہدایات اور فنڈز جاری کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کے تحت گرین لائن اور صوبائی حکومت کے تحت اورنج لائن منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر بلدیات بر وقت اقداما ت کررہے ہیں جو کہ لائق تحسین ہیں وزیر بلدیات جام خان شورو نے اس موقع پر بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کے تحت شہر میں 30 پارکوں میں سہولیات کی فراہمی کے لئے بروقت اقدامات کئے جارہے ہیں ان میں لائٹس، پودوں ، گھاس اگانے اور دیگر سہولیات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جار ہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :