نیشنل ڈیموکریٹک فاؤنڈیشن کے سدرن ریجن نے باقاعدہ کام کا آغاز کردیا

جمہوریت کو مستحکم کرنے کیلئے سفارشات تیارکر رہے ہیں، آئندہ عام انتخابات میں ہر پولنگ اسٹیشن کی مانیٹرنگ کریں گے، کنور محمد دلشاد جمہوری نظام کی بہتری کے لیے ہر سطح پر این ڈی ایف کے ساتھ ہیں، وسیم اختر۔ این ڈی ایف ایک اچھی سرجن ثابت ہوگی، نہال ہاشمی و دیگر کا خطاب

منگل 23 فروری 2016 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 فروری۔2016ء) نیشنل ڈیموکریٹک فاؤنڈیشن کے سدرن ریجن نے باقاعدہ کام کا آغاز کردیا ہے۔سدرن ریجن کے آفس اور این ڈی ایف کی آفیشل ویب سائٹ کا افتتاح این ڈی ایف کے چیئرمین کنور محمددلشاد نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈی ایچ اے بخاری کمرشل پر کنور محمد دلشاد نے سدرن ریجن کے صدر شیخ راشد عالم کے ہمراہ سدرن ریجن کے آفس کا افتتاح کیا، اس موقع پروائس چیئرمین سہیل کسات بھی موجود تھے۔

بعد اذاں کراچی پریس کلب میں منعقدہ ایک تقریب میں این ڈی ایف کی ویب سائٹ اوروین کا بھی افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما اور کراچی کے نامزد میئر وسیم اختر ، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی مشیر ڈاکٹر قیوم سومرو، مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینیٹر نہال ہاشمی، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فیصل واوڈا سمیت سیاسی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کی ممتاز شخصیات بھی کثیر تعدادمیں موجود تھیں۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ڈیموکریٹک فاؤنڈیشن کے چیئرمین کنور محمد دلشاد نے کہا کہ عام انتخابات کو شفاف بنانے اور جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لئے ہر سطح پر سفارشات تیار کر رہے ہیں، آئندہ عام انتخابات میں ملک بھر کے ہرپولنگ اسٹیشن کی مانیٹرنگ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نظام میں خرابی کی وجہ سے اس وقت مرکز میں جو حکومت ہے اسے صرف 17%عوام کے ووٹ ملے ہیں۔

جب تک نظام درست نہیں کیا جائے گاعوام تک حقیقی جمہوریت کے ثمرات منتقل نہیں ہوں گے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کاحق دیے جانے کے حوالے سے انہوں نے کہا اس سلسلے میں سب سے بڑی رکاوٹ بیوروکریسی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وسیم اختر نے این ڈی ایف کے قیام کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے این ڈی ایف کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے جمہوریت کے استحکام، انتخابات کو شفاف بنانے اور ووٹ کے تقدس کو بحال کرنے کے لئے ہر سطح پراین ڈی ایف کے ساتھ تعاون کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ این ڈی ایف کی سفارشات پر عمل درآمد کے لئے قانون سازی کی ضرورت پڑی تو قومی، صوبائی اور مقامی اسمبلیوں میں قانون سازی کے لئے مکمل حمایت بھی فر اہم کی جائے گی۔ سینیٹر نہال ہاشمی نے این ڈی ایف کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ یہ ادارہ ایک اچھے سرجن کی طرح جمہوری نظام کی خامیاں دور کرنے میں اس انداز سے اپنا کردار ادا کرے کہ آنے والی نسلیں اس کی خدمات کو یاد رکھیں ۔

ڈاکٹر قیوم سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی بقاء اور استحکام کے لئے پی پی پی کی جدوجہد کی ایک طویل تاریخ ہے، جمہوریت کی خاطر جتنی قربانیاں ہم نے دی ہیں سیاسی جماعت نے نہیں دیں۔ انہوں نے این ڈی ایف کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے جمہوریت کے استحکام کی جانب پیش رفت قرار دیا۔ فیصل واوڈا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انتخابی نظام میں خرابیاں موجود ہیں ان کی درستگی کے لئے این ڈی ایف کی سفارشات اہمیت کی حامل ہوں گی۔

انہوں نے این ڈی ایف کے قیام کے قیام کو سراہتے ہوئے یہ توقع ظاہر کی کہ یہ ادارہ خوف سے آزاد ماحول میں ووٹ کے استعمال کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ این ڈی ایف سدرن ریجن کے صدر شیخ راشد عالم نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے این ڈی ایف کے قیام اور اغراض و مقاصدپر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ این ڈی ایف کی شکل میں پاکستان میں پہلی مرتبہ ایک ایسا ادارہ وجود میں آیا ہے جسے آئینی اور قانونی طور پر انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے سفارشات تیار کرنے اور انتخابی عمل کی نگرانی کا مینڈیٹ حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ این ڈی ایف نے باقاعدہ کام کا آغاز کردیاہے۔ ہم پاکستان کے عوام کے سیاسی اور جمہوری شعور کو اجاگر کرنے میں اپنا بھرپورکرداراداکریں گے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سیاست اور حکومت کو الگ الگ رکھا جاتا ہے، بدقسمتی سے پاکستان میں یہ دونوں چیزیں ایک دوسرے میں ضم کردی گئی ہیں جس کی وجہ سے عوام کو جمہوریت کے حقیقی فوائد حاصل نہیں ہوپاتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہم پولیٹیکل سوشلائزیشن کے فلسفے پر یقین رکھتے ہیں، یہی وہ واحد طریقہ ہے جس کے ذریعے عوام کا حقیقی مینڈیٹ سامنے لایا جا سکتا ہے۔ عوامی شعور کو اجاگر کرنے کے لئے این ڈی ایف کے پلیٹ فارم سے مختلف پروگرام شروع کئے جارہے ہیں۔ہم ہر طبقہ کے لوگوں کے پاس جائیں گے بالخصوص نوجوانوں اور طلباء سے رابطوں کو بڑھایا جائے گا۔ شیخ راشد عالم نے کہا پاکستان میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے ہرسطح پر اپنا بھرپورکرداراداکریں گے۔

این ڈی ایف جلد ہی سندھ اور بلوچستان کے تمام شہروں اور دیہی علاقوں میں سروے اور مختلف سیمینار اور ورکشاپس کا انعقادکرنے جارہی ہے۔ تقریب کے اختتام پر محفل موسیقی بھی منعقد کی گئی جس میں ممتاز گلوکارہ نرمل شاہ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

متعلقہ عنوان :