Live Updates

ممتاز قادری کی سزائے موت پر عملدرآمد غیر دانشمندانہ، بصیر ت سے عاری اقدام ہے، مجلس وحدت مسلمین

اقدام سے عوامی بے چینی ، بدامنی میں اضافہ ہوگا، حکومت کو انتہائی اقدام سے قبل ممتاز قادری کی شخصیت کے تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لینا چاہئے تھا،راجہ ناصر عباس جعفری

منگل 1 مارچ 2016 17:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم مارچ۔2016ء) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ممتاز قادری کی سزائے موت پر عمل درآمد ایک غیر دانشمندانہ اوربصیرت سے عاری اقدام ہے جس سے عوامی بے چینی اور بدامنی میں اضافہ ہو گا۔حکومت کو اس انتہائی اقدام سے قبل ممتاز قادری کی شخصیت کے تمام پہلووں کا بغور جائزہ لینا چاہیے ملک میں قانون و انصاف کی عملداری کے نام پر دوہرے معیارعدل و انصاف کا قتل ہیں۔

ایک طرف سانحہ ماڈل ٹاون اور اس جیسے متعدد واقعات میں ملوث مختلف با اثرشخصیات کوعدالتی تحفظ حاصل ہے جبکہ دوسری طرف اس طرح کے واقعات سے ملک کے امن و امان کو تباہ کیا جا رہا ہے جو ظلم و زیادتی کے زمرے میں آتا ہے۔

(جاری ہے)

ممتاز قادری کی پھانسی کا حکومتی فیصلہ زمینی حقائق اور قومی تقاضوں کو مدنظر رکھ کر کرنے کی بجائے عالمی آقاوں کی خوشنودی کو مقدم رکھ کرکیا گیا ہے۔

جو دنیا کے سامنے پاکستان کوایک سیکولر ریاست ثابت کرنے کی احمقانہ کوشش ہے۔پاکستان میں موجود معتدل مذہبی جماعتیں اپنا ایک وسیع حلقہ اثر رکھتی ہیں۔ممتاز قادری کے حوالے سے مذہبی جماعتوں کے مطالبے کو جس رعونت کے ساتھ رد کیا گیا وہ حکومت کے خلاف عوامی نفرت میں اضافے کا باعث بنے گا۔ پاکستان کو اس وقت دہشت گردی، داخلی انتشار، بیرونی دباو سمیت لاتعداد مشکلات کا سامنا ہے۔حکومت اپنی نااہلی اور بد انتظامی کے باعث بدحواس ہو چکی ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات