سپریم کورٹ میں حلقہ پی بی 27کی سماعت لیگی رہنما اظہار کھوسو کو کامیاب قرار دینے کا فیصلہ برقرار

اظہار کھوسو کی کامیابی کانوٹیفیکیشن جاری کیاجائے عدالت عظمیٰ کی الیکشن کمیشن کو ہدایت دوبارہ انتخابات کرانے کیلئے مخالف امیدوارکی درخواست خارج کردی

منگل 29 مارچ 2016 21:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 مارچ۔2016ء) سپریم کورٹ نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 27 کے انتخابی عذرداری سے متعلق مقدمہ میں مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی اظہار کھوسو کو کامیاب قرار دینے کے فیصلے کوبرقراررکھتے ہوئے دوبارہ انتخابات کرانے کیلئے مخالف امیدوارکی درخواست خارج کردی پیرکوچیف جسٹس ا نورظہیرجمالی کی سربراہی میں جسٹس اقبال حمید الرحمن اورجسٹس سردارطارق مسعود پرمشتمل تین رکنی بینچ نے مخالف امیدوار دران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔

2013 ء کے الیکشن میں اسی حلقے سے اظہار کھوسو کامیاب ہوئے تومخالف امیدواردران خان نے مختلف الزامات کی بنیادپر الیکشن ٹریبونل میں ان کی کامیابی کوچیلنج کیا تاہم ٹریبونل نے دران خان کی پٹیشن خارج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ اظہار کھوسو کی کامیابی کانوٹیفیکیشن جاری کیاجائے جس پر الیکشن کمیشن نے 28 مئی کواظہارکھوسوکی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جس کیخلاف دران خان نے سپریم کورٹ میں دارخواست دائرکی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران درخواست گزارکے وکیل ایڈووکیٹ امان ا للہ نے عدالت کے روبروموقف اپنایاکہ ٹریبونل نے ان کی درخواست میرٹ کے بجائے تکنیکی بنیادوں پر خارج کی تھی اسلئے میری استدعاہے کہ کیس دوبارہ ٹربیونل کو سماعت کیلئے بھجوایا جائے۔ عدالت کواظہارکھوسو کے وکیل کامران مرتضیٰ نے بتایاکہ مخالف امیدوارنے ٹریبونل میں تصدیق کے بغیر دستاویزات داخل کرائی تھی جس میں بیان حلفی تک موجود نہیں تھا عدالت کے ا ستفسارپرایڈووکیٹ امان اللہ نے بتایاکہ انہوں نے ٹریبونل میں بیان حلفی سمیت تصدیق شدہ کاغذات جمع کرانے کے علاوہ الیکشن کمیشن میں دوسری درخواست ہے، میری استدعاہے مجھے مہلت دی جائے میں آئندہ سماعت پر دستاویزات عدالت کوپیش کردوں گا۔

کامران مرتضیٰ نے کہاکہ مخالف فریق نے الیکشن کمیشن میں گواہان کی فہرست بھی جمع نہیں کرائی اسلئے میری استدعاکہ ا ن کی درخواست کوخارج کیاجائے جس پرعدالت نے اظہارکھوسہ کی کامیابی کے فیصلہ کوبرقراررکھتے ہوئے مخالف امیدوارکی دوبارہ ا لیکشن کیلئے دائردرخواست خارج کردی۔