ہیٹ اسٹروک کی پیش گوئی ،بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام اسپتالوں میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ

عملے کی چھٹیاں منسوخ ،درجہ حرارت کو کم سے کم رکھنے میں معاون الیکٹرونک اشیاء کو مکمل درست حالت میں رکھا جائے ،میٹروپولیٹن کمشنر

جمعرات 21 اپریل 2016 19:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی نے شہر میں ممکنہ ہیٹ اسٹروک کی پیش گوئی کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام اسپتالوں میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے متعلقہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں ۔جمعرات کی سہ پہر اس حوالے سے میٹروپولیٹن کمشنر کے دفتر میں اجلاس منعقد ہوا جس میں مشیر مالیات محمد ریحان خان، سینئرڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر محمد علی عباسی سمیت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور فوکل پرسن شریک ہوئے ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام تمام اسپتال ہیٹ اسٹروک کے حوالے سے تمام تر ضروری اقدامات مکمل کرلیں انہوں نے ہدایت کی کہ ہر اسپتال میں ایمبولینس کو تیار حالت میں رکھا جائے جبکہ درجہ حرارت کو کم سے کم رکھنے میں معاون الیکٹرونک اشیاء کو مکمل درست حالت میں رکھا جائے انہوں نے کہا کہ اسپتالوں کے فوکل پرسنز ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنائیں اور اس حوالے سے جن اشیاء کی کمی ہو اس سے فوری طور پر آگاہ کیا جائے انہوں نے محکمہ وہیکل اور شعبہ الیکٹریکل اینڈ میکنیکل کو ہدایت کی کہ ہیٹ اسٹروک کے دوران میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کسی بھی اسپتال میں ڈیزل کی کمی نہ ہونے پائے جبکہ ایئر کنڈیشنز اور پنکھوں کو مکمل طور پر درست حالت میں رکھا جائے اور جہاں پنکھے موجود نہیں ہیں وہاں فوری طور پر پنکھے لگوائے جائیں اس موقع پر مختلف اسپتالوں کے فوکل پرسنز نے اپنے اپنے اسپتالوں کے حوالے سے بعض مسائل سے بھی آگاہ کیا جس پر میٹروپولیٹن کمشنر نے متعلقہ افسران کو انہیں حل کرنے کے لئے فوری ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس میں بتایا گیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام 12 بڑے اسپتالوں سمیت ضلعی میونسپل کارپوریشنز کی حدود میں مختلف مقامات پر 40 ہیٹ اسٹروک سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں ضروری عملہ ادویات کے ساتھ موجود رہے گا۔ میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک سے نبردآزما ہونے کے لئے تمام سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ ضلعی میونسپل کارپوریشنز کی حدود میں قائم ہیٹ اسٹروک سینٹرز کو بلدیہ عظمیٰ کراچی ادویات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی دیکھ بھال بھی کرے گی۔

اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی نے عوام سے بھی درخواست کی کہ وہ ہیٹ اسٹروک کے دنوں میں بلا ضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں اور ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رہنے کے لئے تمام تر حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔

متعلقہ عنوان :