عراقی وزیراعظم کی تمام فریقین کو جامع مذاکرات کی دعوت

پارلیمنٹ کے تعطل نے دہشت گردی کو ہوا دی، سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے بعد داعشی جنگجو بھاگ رہے ہیں،حیدرالعبادی

اتوار 15 مئی 2016 13:01

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 مئی۔2016ء) عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے ملک میں جاری سیاسی بحران کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو جامع مذاکرات کی دعوت دی ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق وزیراعظم حیدر العبادی نے اپنے ایک بیان میں سیاسی گروپوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پر ایک دوسرے پرالزام تراشی کا سلسلہ بند کریں اور سیاسی بحران کے حل کے لیے جامع مذاکرات شروع کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے حالیہ دنوں میں ملک میں ہونے والے بم دھماکوں میں سیاسی رہ نماوٴں کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات پر تشویش اور افسوس کا اظہار کیا۔العبادی کا کہنا تھا کہ ملک میں پارلیمنٹ کی قانونی کارروائی میں تعطل سے امن وامان کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے بعد داعشی جنگجو بھاگ رہے ہیں اور وہ مزید نقصان سے بچنے کے لیے بم دھماکوں کا سہارا لے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی اصلاحات پلک جھپکتے نہیں ہوسکتیں۔ اس کے لیے طویل وقت درکار ہے۔

متعلقہ عنوان :