گلگت :چینی باشندے کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا جرم ثابت ہونے پر نو سال قید

جمعہ 24 جون 2016 13:26

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 جون۔2016ء) گلگت میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج راجہ شہباز خان نے چینی باشندے وانگ جیانچیو کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا جرم ثابت ہونے پر نو سال قید کی سزا سنا دی دی ہے ۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مجرم دوبارہ پاکستان نہیں آ سکے گا۔مجرم نے دوران سماعت اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ انھوں نے پاکستان سے چار پستول اور دو سو سے زائد گولیاں خریدیں جنھیں وہ چین لے جانا چاہتے تھے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں آئی جی پنجاب کو حکم دیا ہے کہ جس اسلحہ ڈیلر نے چینی باشندے کو اسلحہ فروخت کیا اس کے خلاف کارروائی کی جائے واضح رہے کہ چینی باشندے وانگ جیانچیو کو 24 مئی کو پاک چین سرحدی علاقے میں ہنزہ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا تھا۔

(جاری ہے)

ان کے قبضے سے اسلحے کے علاوہ دوربین اور نقشے بھی برآمد ہوئے تھے۔ جیانچو کے قبضے سے چار غیر قانونی پستول برآمد ہوئے تھے جیانچیو کو خنجراب سے گرفتاری کے بعد گلگت منتقل کر دیاگیا تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ جیانچیو ایک ماہ کے ویزے پر پاکستان پہنچے تھے اور 14 دن اسلام آباد میں رہنے کے بعد وہ بس کے ذریعے ہنزہ اور پھر سوست کے علاقے پہنچے اور وہاں سے ٹیکسی کے ذریعے خنجراب کا سفر اختیار کیا۔بتایا جاتا ہے کہ جیانچیو راستے میں تصویریں کھینچنے کا کہہ کر اتر گئے اور خاصی دیر تک نہیں واپس نہیں لوٹے جس پر ٹیکسی ڈرائیور نے قریبی پولیس چوکی پر اطلاع دی جس پر پولیس نے ان کی تلاش شروع کردی اور انھیں ایک گلیشئر کے قریب سے گرفتار کیا جہاں ان کے بیگ سے مذکورہ اسلحہ برآمد ہوا ۔