ذوالفقار علی بھٹو پیرا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پشاور میں داخلے کے لئے انٹرٹسٹ کاانعقاد

ہفتہ 23 جولائی 2016 16:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جولائی ۔2016ء) ذوالفقار علی بھٹو پوسٹ گریجویٹ پیرا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پشاور میں دو سالہ پیرا میڈیکل ٹریننگ ڈپلومہ کورسز میں داخلے کے لئے ہفتے کے روز نیشنل ٹیسٹنگ سروس (NTS)کے زیر انتظام انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا ۔چار سمسٹروں پر مشتمل ڈپلومہ کورسز میں داخلے کے لئے انٹری ٹیسٹ میں 350امیدواروں نے حصہ لیا ۔

اس پروگرام کے تحت طلبہ 18سے زائد پیرا میڈیکل کورسز میں داخلہ لینے کے اہل ہوں گے ۔ ذوالفقار علی بھٹو پوسٹ گریجویٹ پیرا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے پرنسپل ڈاکٹر جانباز آفریدی نے امتحانی عمل کی خود نگرانی کرتے ہوئے امتحانی مراکز کا معائنہ کیا اور وہاں پر موجود عملے کو امتحانی عمل کو شفاف اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لئے ہدایات بھی دیں۔

(جاری ہے)

اسی موقع پرڈاکٹر جانباز آفریدی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو پوسٹ گریجویٹ پیرا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پیرا میڈیکل کے شعبے میں بھر پور خدمات فراہم کررہے ہیں اور بہت جلد یہ ادارہ نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی معیاری تعلیم کی وجہ سے منفرد مقام حاصل کرے گا ۔

انہو ں نے کہا کہ ڈپلومہ کورسز کے داخلوں میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے نیشنل ٹیسٹنگ سروس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جنہو ں نے پرامن اور خوشگوار ماحول میں انٹری ٹیسٹ کے انعقاد میں بھر پور تعاون کیا ۔ واضح رہے کہ انٹری ٹیسٹ کے نتائج شفاف طریقہ کا ر کے تحت چار دنوں میں مرتب کئے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :