وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے رینجرز اختیارات اور قیام میں توسیع کی سمری منظور کر لی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 1 اگست 2016 14:12

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے رینجرز اختیارات اور قیام میں توسیع ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم اگست 2016ء) : وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ میں رینجرز کے قیام اور کراچی میں رینجرز کے مخصوص اختیارات میں اضافے کی سمری کی منظوری دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے رینجرز اختیارات میں اضافے کی منظوری کے بعد محکمہ داخلہ سندھ کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ فوری طور پر رینجرز اختیارات میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کرے۔

سمری کے مطابق رینجرز کے ایک سال قیام اور نوے روز کے اختیارات میں اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے رینجرز کے قیام اور اختیارات میں توسیع کی منظوری دے دی۔رینجرز کے قیام میں ایک سال اور خصوصی اختیارات میں 90 روز کی توسیع کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے رینجرز کے قیام اور اختیارات میں توسیع کی سفارشات وفاقی حکومت کو بھیجی جائیں گی۔

وفاقی وزارت داخلہ کو وزیر اعلیٰ سندھ کے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے ، اُمید ہے کہ رینجرز سندھ نے قیام امن کے لیے اسی جذبے سے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ رینجرز کے سندھ میں قیام میں 1 سال کی توسیع کی گئی ہے جبکہ 90 روز کے لیے خصوصی اختیارات کی توسیع کا دائرہ کار کراچی تک محدود ہو گا۔ رینجرز کے سندھ میں قیام میں ایک سال کی توسیع کا اطلاق رواں سال 19 جولائی سے ہو گا جبکہ آئندہ سال 19 جولائی کو رینجرز کے سندھ میں قیام کی مدت ختم ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :